Loading
خیبرپختونخوا کے وزیراعلیٰ محمد سہیل آفریدی نے لکی مروت کے علاقے گنڈی چوک سے لانگ مارچ کے پہلے مرحلے کا آغاز کرتے ہوئے کہا کہ گورنر راج یا ایمرجنسی کو نہیں مانتے، خیبرپختونخوا میں حکومت عمران خان کی ہے۔
وزیر اعلیٰ خیبرپختونخوا محمد سہیل آفریدی نے گنڈی چوک لکی مروت میں لانگ مارچ کے شرکا سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ہم ایک سیاسی قوت اور سیاسی جماعت ہیں، کل جو مذاکراتی کمیٹی اسلام آبادگئی وہ سیاسی درجہ حرارت کم کرنے کے لیے گئی تھی۔
انہوں نے کہا کہ ایک مائنڈ سیٹ جو بند کمروں میں فیصلے کرتاہے، کل وہ ایک اور فیصلہ آپ پر مسلط کرنے جا رہا تھا، یہاں پر عمران خان کی حکومت ہے اور یہاں عمران خان کا وژن اور پالیسی ہی چلے گے، ہم کسی ایسی پالیسی کو نہیں مانتے جس میں پشتونوں کا نقصان ہو، خیبرپختونخوا میں راج صرف عمران خان کا ہوگا، ہم جی جناب والے نہیں ہیں نہ گورنر راج اور نہ ایمرجنسی مانتے ہیں۔
ان کا کہنا تھا کہ یہاں کوئی آپریشن نہیں ہوگا، ہم پہلے بھی باغی تھے اور آج بھی باغی ہیں، وفاقی حکومت کو 22 سال سے ہمارے صوبے کو لیبارٹری بنائی ہیں، ہم پر زبردستی آپریشن لاگو کیا گیا، ان لوگوں نے دوبارہ یہاں دہشت گردی نافذ کی ہے ہم یہ آگ بجھائیں گے۔
سہیل آفریدی نے شرکا سے کہا کہ 79 سال سے مسلط ایک مائنڈ سیٹ کل آپ پر آپریشنز کی ایک اور پالیسی مسلط کر رہا تھا، حکومت خیبرپختونخوا وفاقی حکومت کو کھلی پالیسی دیتی ہے، اس پر عمل درآمد سے 100 دنوں میں امن آسکتا ہے، اس کے لیے نیت کا ہونا چاہیے مگر ان کی نیت امن نہیں ہے، ان کی نیت پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کو ختم کرنا ہے مگر ان کا باپ بھی یہ نہیں کر سکتا۔
انہوں نے کہا کہ عمران خان کے دور میں امن تھا کیونکہ اس کی پالیسی ٹھیک تھی، رجیم چینج کے بعد ایک بار پھر دہشت گردی کو ہم پر مسلط کیا گیا، یہ آگ انہوں نے لگائی ہے، ہم اس آگ کو بجھائیں گے، عوام کو نکلنا ہوگا، پاکستان کے فیصلے نوجوانوں کو کرنے ہیں، کرک میں عوام کا سمندر ہوگا، پوری دنیا دیکھے گی، صوابی پہنچنے تک لاکھوں لوگ ہمارے قافلے میں ہوں گے اور حقیقی آزادی کی یہ تحریک ملک کے کونے کونے تک پھیل چکی ہوگی، اگلا اسٹاپ کرک اور پرسوں کوہاٹ اسٹاپ جائیں گے۔
قبل ازیں سہیل آفریدی نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ایکس پر جاری بیان میں کہا تھا کہ آج گنڈی چوک لکی مروت سے لانگ مارچ کا پہلا مرحلہ شروع ہوگا۔
ان کا کہنا تھا کہ اتوار 4 اکتوبر کو گنڈی چوک لکی مروت سے ٹانک، ڈیرہ اسماعیل خان، جنوبی وزیرساتن، شمالی وزیرستان، بنوں اور لکی مروت کے اضلاع سے تعلق رکھنے والے غیور پاکستانی لانگ مارچ کا حصہ بنیں گے اور رات کو اس قافلے کا پڑاؤ کرک کے قریب ہوگا۔
اگر آپ اس خبر کے بارے میں مزید معلومات حاصل کرنا چاہتے ہیں تو نیچے دیے گئے لنک پر کلک کریں۔
مزید تفصیل