Monday, October 05, 2026
 

لندن سے شگاگو جانے والی پرواز بال بال حادثے سے بچ گیا

 



لندن سے شکاگو جانے والی برٹش ایئرویز کی پرواز دورانِ سفر اچانک تقریباً 28 ہزار فٹ نیچے آگئی جس کے بعد پائلٹ نے ہنگامی صورت حال کا اعلان کرتے ہوئے طیارے کا رخ واپس لندن کی جانب موڑ دیا۔ غیر ملکی میڈیا کے مطابق برٹش ایئرویز کی پرواز بی اے 295 نے لندن کے ہیتھرو ایئرپورٹ سے شکاگو کے لیے اڑان بھری تھی۔ آئرلینڈ کی فضائی حدود میں پہنچنے کے تقریباً ایک گھنٹے بعد طیارہ تقریباً 37 ہزار فٹ کی بلندی پر پرواز کر رہا تھا کہ اچانک چند منٹ میں تقریباً 28 ہزار فٹ نیچے آکر 9 ہزار فٹ کی بلندی پر پہنچ گیا۔ پرواز کے عملے نے فضائی ٹریفک کنٹرول کو ہنگامی صورت حال سے آگاہ کرنے کے لیے 7700 کوڈ جاری کیا، جس کے بعد طیارہ شکاگو جانے کے بجائے واپس برطانیہ کی طرف مڑ گیا۔ فلائٹ ٹریکنگ کے مطابق بوئنگ 777 نے لندن واپسی سے قبل کئی گھنٹے فضا میں چکر لگائے جس کا مقصد طیارے کا وزن کم کرنے کے لیے ایندھن خرچ کرنا بتایا گیا۔ برٹش ایئرویز نے تصدیق کی کہ طیارہ فنی خرابی کے باعث ہیتھرو واپس آیا اور بحفاظت لینڈ کرگیا۔ تمام مسافر معمول کے مطابق طیارے سے اتر گئے اور کسی جانی نقصان کی اطلاع نہیں ملی۔ ابتدائی رپورٹس میں کیبن کے دباؤ میں خرابی کا امکان ظاہر کیا گیا، تاہم ایئرلائن نے اس کی تصدیق نہیں کی۔ ہنگامی کوڈ 7700 بھی خرابی کی مخصوص نوعیت ظاہر نہیں کرتا۔  

اگر آپ اس خبر کے بارے میں مزید معلومات حاصل کرنا چاہتے ہیں تو نیچے دیے گئے لنک پر کلک کریں۔

مزید تفصیل