Wednesday, October 07, 2026
 

گوجرانوالہ میں 5 پولیس مقابلے، ایک ریکارڈ یافتہ ملزم ہلاک، 5 زخمی گرفتار

 



گوجرانوالہ میں شہر کے مختلف علاقوں میں 5 پولیس مقابلوں کے دوران ایک ریکارڈ یافتہ ملزم ہلاک جبکہ 5 ملزمان کو زخمی حالت میں گرفتار کرلیا گیا۔ سی پی او ڈاکٹر سردار غیاث گل خان کے مطابق فرار ملزمان کی گرفتاری کے لیے ایس ڈی پی اوز کی زیرنگرانی خصوصی پولیس ٹیمیں تشکیل دے دی گئی ہیں اور شہر بھر میں ناکہ بندی جاری ہے۔ تھانہ باغبانپورہ کے علاقے میں پولیس مقابلے کے دوران راہزنی، چوری اور منشیات کے 25 مقدمات میں ریکارڈ یافتہ ملزم اپنے ہی ساتھیوں کی فائرنگ سے ہلاک ہوگیا۔ پولیس کے مطابق 2 ملزمان پولیس ناکے پر اندھا دھند فائرنگ کے بعد فرار ہوئے، اس دوران ایک ملزم اپنے ہی ساتھیوں کی فائرنگ کی زد میں آکر ہلاک ہوگیا۔ ملزم کی شناخت علی حسن عرف ڈمرو کے نام سے ہوئی، جس کے قبضے سے 1320 گرام چرس اور ناجائز اسلحہ برآمد ہوا، جبکہ اس کے ہمراہی ملزمان فرار ہوگئے۔ تھانہ گکھڑ منڈی پولیس مقابلے میں راہزنی، چوری اور موٹر سائیکل چوری کے 30 سے زائد مقدمات میں ریکارڈ یافتہ ملزمان دلاور مسیح اور تنصیر اشرف کو پولیس ناکے سے فرار ہوتے ہوئے زخمی حالت میں گرفتار کرلیا گیا۔ ملزمان کے قبضے سے ناجائز اسلحہ اور چوری شدہ موٹر سائیکل برآمد ہوئی۔ تھانہ سول لائن پولیس نے کارروائی کرتے ہوئے اقدام قتل، ضرر اور ناجائز اسلحہ کے مقدمات میں ریکارڈ یافتہ جبکہ بھتہ خوری کے مقدمے میں نامزد و مطلوب ملزم علی حسن کو پولیس ریڈ کے دوران فرار ہونے کی کوشش میں زخمی حالت میں گرفتار کرلیا۔ ملزم کے قبضے سے ناجائز اسلحہ برآمد ہوا۔ تھانہ نوشہرہ ورکاں پولیس مقابلے میں راہزنی اور چوری کے متعدد مقدمات میں ریکارڈ یافتہ و مطلوب ملزم بلال عرف بھالو کو پولیس ناکے سے فرار ہوتے ہوئے زخمی حالت میں گرفتار کرلیا گیا۔ ملزم کے قبضے سے ناجائز اسلحہ اور موٹر سائیکل برآمد ہوئی۔ تھانہ کینٹ پولیس نے کارروائی کرتے ہوئے راہزنی، چوری، موٹر سائیکل چوری اور شراب فروشی سمیت 21 مقدمات میں ریکارڈ یافتہ ملزم کو دورانِ اسلحہ برآمدگی فرار ہونے کی کوشش میں زخمی حالت میں گرفتار کرلیا۔ پولیس کے مطابق ملزم شہری کو جان سے مارنے کی نیت سے فائرنگ کے مقدمے میں زیرِ ریمانڈ تھا۔ ملزم کے قبضے سے ناجائز اسلحہ برآمد ہوا۔ سی پی او ڈاکٹر سردار غیاث گل خان کے مطابق فرار ملزمان کی گرفتاری کے لیے خصوصی پولیس ٹیمیں تشکیل دی گئی ہیں اور شہر بھر میں ناکہ بندی جاری ہے۔

اگر آپ اس خبر کے بارے میں مزید معلومات حاصل کرنا چاہتے ہیں تو نیچے دیے گئے لنک پر کلک کریں۔

مزید تفصیل