Friday, October 09, 2026
 

کراچی؛ گھریلو ملازمہ کا ساتھی کے ساتھ مل کر گھر کا صفایا، 7 تولہ سونا اور نقدی چوری

 



گلستان جوہر بلاک 14 میں گھر میں کام کرنے والی گھریلو ملازمہ نے ساتھی کے ساتھ مل کر گھر کا صفایا کر دیا، ملازمہ گھر سے 7 تولہ سونا اور نقدی چوری کرکے فرار ہوگئی، چوری کی واردات کا مقدمہ گلستان جوہر تھانے میں درج کر لیا گیا۔ تفصیلات کے مطابق گھر میں چوری کی واردات اکبوتر میں ہوئی، واقعے کا مقدمہ 9 اکتوبر کو گلستان جوہر تھانے میں گھر کے مالک عاطف محمود کی مدعیت میں درج کیا گیا، مقدمہ میں گھریلو ملازمہ بشریٰ اور اس کی نامعلوم ساتھی کو نامزد کیا گیا ہے۔ مدعی مقدمہ کے مطابق 5 اکتوبر کو گھریلو ملازمہ بشریٰ معمول کے مطابق صبح 9 بجے کے قریب گھر پر کام کرنے آئی۔ سوا ایک بجے کے قریب گھریلو ملازمہ کی ایک ساتھی اس سے ملنے گھر آئی، جس کے بعد دونوں ایک بج کر 25 منٹ پر وہاں سے چلی گئیں۔ مدعی نے بتایا کہ بشریٰ نے کچھ دیر پہلے اسے چائے دی تھی، جسے پینے کے بعد اسے نیند آگئی۔ اس دوران گھریلو ملازمہ نے مبینہ طور پر چائے میں کوئی نشہ آور چیز ملا دی تھی۔ شام 8 بجے آنکھ کھلی تو گھر کا سامان چیک کرنے پر معلوم ہوا کہ 7 تولے سونا اور نقدی چوری ہو چکی ہے۔ چوری کیے گئے سونے کی مالیت تقریباً 30 لاکھ روپے ہے۔ مدعی کے مطابق وہ اپنی مدد آپ کے تحت گھریلو ملازمہ اور اس کی نامعلوم ساتھی کو تلاش کرتا رہا، تاہم کامیابی نہ ملنے پر اب رپورٹ درج کروانے آیا ہے۔ گلستان جوہر پولیس نے مقدمہ درج کرنے کے بعد چوری کی واردات میں ملوث گھریلو ملازمہ اور اس کی ساتھی کی تلاش شروع کر دی ہے۔

اگر آپ اس خبر کے بارے میں مزید معلومات حاصل کرنا چاہتے ہیں تو نیچے دیے گئے لنک پر کلک کریں۔

مزید تفصیل