Friday, October 09, 2026
 

یونان میں غیرقانونی طور پر داخل ہونے والے 40 پاکستانی ڈی پورٹ

 



یونان میں غیر قانونی طور پر داخل ہونے والے 40 پاکستانیوں کو ڈی پورٹ کرکے خصوصی پرواز کے ذریعے اسلام آباد بھیج دیا گیا۔ ڈیپورٹیز کا تعلق ضلع منڈی بہاالدین، گجرات، گجرانوالہ اور سیالکوٹ سے ہے، جبکہ اسلام آباد کا صرف ایک ڈیپورٹی اس فہرست میں شامل ہے۔ یہ تمام افراد لیبیا کے راستے غیر قانونی طریقے سے یونان داخل ہوئے تھے، جہاں انہیں مختلف حراستی کیمپوں میں رکھا گیا تھا۔ نیو اسلام آباد ایئرپورٹ پر امیگریشن حکام نے ڈیپورٹیز کا کیس ٹو کیس جائزہ لیا۔ انہوں نے کہا کہ زیادہ تر افراد ایئر روٹس کے ذریعے قانونی طور پر پاکستان سے گئے، بعد ازاں سلپ ہو کر غیر قانونی طور پر یورپ جانے کی کوشش کے دوران پکڑے گئے۔ ڈیپورٹیز سے اپنے اپنے ریجن کے ایف آئی اے انسداد انسانی اسمگلنگ سیلز میں تحقیقات ہوں گی۔ انہوں نے مزید کہا کہ تحقیقات میں حاصل ہونے والی معلومات سے سہولت کاروں کا پتا چلا کر قانونی کارروائی کو آگے بڑھایا جائے گا۔ حکام کا کہنا ہے کہ شہری بیرون ملک سفر کے لیے صرف مستند طریقے سے سفری دستاویزات حاصل کریں۔ ملکی ایئرپورٹس پر چیکنگ کا عمل سختی سے جاری ہے۔ حکام ایف آئی اے کے مطابق اسلام آباد ایئرپورٹ سمیت دیگر ہوائی اڈوں پر ایف آئی اے پری ویریفکیشن کاؤنٹر بھی قائم کیے گئے ہیں، جہاں مسافر سفر سے قبل اپنی سفری دستاویزات کی تصدیق بھی کروا سکتے ہیں۔

اگر آپ اس خبر کے بارے میں مزید معلومات حاصل کرنا چاہتے ہیں تو نیچے دیے گئے لنک پر کلک کریں۔

مزید تفصیل