Loading
سرجانی ٹاؤن کے علاقے عباس گوٹھ میں ندی کے قریب سیمنٹ کی بوری میں بند ٹکڑوں میں لاش ملنے کے واقعے کی تحقیقات جاری ہیں، انویسٹی گیشن پولیس نے مقتول یاسر کے3 دوستوں کو حراست میں لے کر شاملِ تفتیش کرلیا۔
تفصیلات کے مطابق6 اکتوبر کو سرجانی ٹاؤن تھانے کی حدود عباس گوٹھ میں ندی کے قریب سے سیمنٹ کی بوری میں بند نامعلوم شخص کی ٹکڑوں میں تقسیم لاش ملی تھی۔
مقتول کی شناخت سی پی ایل سی کے شناختی پروجیکٹ اور جدید ٹیکنالوجی کی مدد سے یاسر ولد نظام الدین کے نام سے ہوئی تھی، جو سرجانی ٹاؤن کے علاقے تیسر ٹاؤن کا رہائشی تھا۔
ایس ایس پی انویسٹی گیشن ویسٹ مسرور جتوئی کے مطابق دورانِ تفتیش مقتول کے ورثا نے پولیس کو بتایا کہ یاسر نشے کا عادی تھا اور اپنے دوستوں آصف ولد امتیاز، غفور ولد ارشاد اور فیصل ولد علی کے ساتھ مل کر نشہ کرتا تھا۔ مقتول کا زیادہ تر اٹھنا بیٹھنا بھی انہی افراد کے ساتھ تھا۔
پولیس نے ورثا سے حاصل ہونے والی معلومات کی روشنی میں کارروائی کرتے ہوئے مقتول کے تینوں مشتبہ دوستوں کو حراست میں لے کر شاملِ تفتیش کرلیا ہے۔ تینوں افراد سے پوچھ گچھ جاری ہے، جبکہ واقعے کے اصل حقائق معلوم کرنے اور قتل میں ملوث عناصر کا تعین کرنے کے لیے مزید تحقیقات کی جارہی ہیں۔
اگر آپ اس خبر کے بارے میں مزید معلومات حاصل کرنا چاہتے ہیں تو نیچے دیے گئے لنک پر کلک کریں۔
مزید تفصیل