Loading
کاؤنٹر ٹیررازم ڈیپارٹمنٹ (سی ٹی ڈی) اور ڈسٹرکٹ پولیس نے ضلع ٹانک میں مشترکہ انٹیلی جنس بیسڈ کارروائی کرتے ہوئے سخت مقابلے کے بعد کالعدم ٹی ٹی پی بھٹنی گروپ کے تین دہشت گردوں کو ہلاک کردیا۔ کارروائی تھانہ ایس ایم اے کی حدود میں جنڈولہ روڈ کے علاقے گڑہ فقیرا میں کی گئی۔
سی ٹی ڈی خیبر پختونخوا کے ترجمان کے مطابق مصدقہ اطلاعات موصول ہوئی تھیں کہ مذکورہ علاقے میں دہشت گرد بڑی کارروائی کی غرض سے موجود ہیں۔ اطلاع کی تصدیق کے بعد سی ٹی ڈی نے ڈسٹرکٹ پولیس کے ہمراہ جدید اسلحے سے لیس جوانوں کو علاقے میں روانہ کیا۔ پولیس اہلکار موقع پر پہنچے تو دہشت گردوں نے ان پر قتل کی نیت سے فائرنگ شروع کردی، جس پر جوانوں نے اپنے دفاع اور دہشت گردوں کو گرفتار کرنے کے لیے جوابی فائرنگ کی۔ دونوں جانب سے فائرنگ کا تبادلہ کافی دیر تک جاری رہا۔
فائرنگ رکنے کے بعد علاقے میں سرچ آپریشن کیا گیا، جس کے دوران ٹی ٹی پی بھٹنی گروپ سے تعلق رکھنے والے تین دہشت گرد ہلاک پائے گئے۔ ہلاک دہشت گردوں میں سے دو کی شناخت اسامہ ولد سلطان اور سلیمان ولد ولی محمد، سکنہ فقیر کلے جنڈولہ، کے ناموں سے ہوئی، جبکہ تیسرے دہشت گرد کی شناخت کی جا رہی ہے۔ ابتدائی معلومات کے مطابق ہلاک دہشت گرد ماضی میں دہشت گردی کی متعدد کارروائیوں میں بھی ملوث رہے۔
ترجمان سی ٹی ڈی کے مطابق ہلاک دہشت گردوں نے میرا عالم پمپ کے قریب ایک دکان کی چھت پر آئی ای ڈی نصب کی تھی، جس کے دھماکے کے نتیجے میں ایک شہری سمیت دو پولیس اہلکار شہید جبکہ سات افراد زخمی ہوئے تھے۔ دہشت گردوں نے وانا بازار کی مرکزی سڑک کے کنارے اور امن کمیٹی کے سربراہ بلال کے دفتر کی چھت پر بھی آئی ای ڈی نصب کی تھی۔
ترجمان کے مطابق ہلاک دہشت گرد اسامہ 2025 میں بنوں کینٹ پر حملہ کرنے والے دہشت گرد شعیب کا بھائی تھا، جبکہ وانا بازار میں پولیس پر حملے کے بعد جوابی فائرنگ میں مارا جانے والا دہشت گرد موسیٰ بھی اسامہ کا چچا زاد بھائی تھا۔
سرچ آپریشن کے دوران ہلاک دہشت گردوں کے قبضے سے تین کلاشنکوفیں، 11 میگزین بمعہ گولہ بارود اور ایک موبائل فون برآمد کیا گیا۔
انسپکٹر جنرل آف پولیس خیبر پختونخوا ذوالفقار حمید اور ایڈیشنل آئی جی کاؤنٹر ٹیررازم ڈیپارٹمنٹ نے کامیاب کارروائی میں حصہ لینے والے اہلکاروں کی پیشہ ورانہ مہارت، جرأت اور بہادری کو سراہتے ہوئے ان کی کارکردگی کو خراج تحسین پیش کیا۔ انہوں نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ خیبر پختونخوا سے دہشت گردی کے مکمل خاتمے اور عوام کے جان و مال کے تحفظ کے لیے سی ٹی ڈی اور پولیس کی مؤثر کارروائیاں بلا تعطل جاری رہیں گی۔
اگر آپ اس خبر کے بارے میں مزید معلومات حاصل کرنا چاہتے ہیں تو نیچے دیے گئے لنک پر کلک کریں۔
مزید تفصیل