Loading
راولپنڈی میں یونان میں غیر قانونی طریقے سے داخل ہونے والے 40 پاکستانیوں کو ڈیپورٹ کردیا گیا، جنہیں خصوصی پرواز کے ذریعے ایتھنز سے اسلام آباد پہنچایا گیا۔ ڈیپورٹ ہونے والوں میں سے ایک کا تعلق اسلام آباد سے ہے، جبکہ دیگر کا تعلق منڈی بہاؤالدین، گجرات، گوجرانوالہ اور سیالکوٹ سے ہے۔
حکام کے مطابق پاکستانی شہری لیبیا سے غیر قانونی طریقے سے یونان میں داخل ہوئے تھے، جہاں انہیں مختلف حراستی کیمپوں میں رکھا گیا۔ زیادہ تر ڈیپورٹیز قانونی طریقے سے مختلف فضائی راستوں کے ذریعے پاکستان سے بیرون ملک گئے تھے، تاہم بعدازاں غیر قانونی طور پر یورپ جانے کی کوشش کے دوران پکڑے گئے۔
نیو اسلام آباد ایئرپورٹ پر امیگریشن حکام نے ڈیپورٹ ہونے والے پاکستانیوں کے کیسز کا انفرادی طور پر جائزہ لیا۔ ڈیپورٹیز سے ان کے متعلقہ علاقوں کے ایف آئی اے انسداد انسانی اسمگلنگ سیلز میں تحقیقات کی جائیں گی۔ تحقیقات کے دوران حاصل ہونے والی معلومات کی بنیاد پر سہولت کاروں کا پتا لگا کر قانونی کارروائی آگے بڑھائی جائے گی۔
ایف آئی اے حکام نے شہریوں کو ہدایت کی ہے کہ بیرون ملک سفر کے لیے صرف مستند طریقے سے سفری دستاویزات حاصل کریں۔ حکام کے مطابق ملکی ایئرپورٹس پر چیکنگ کا عمل سختی سے جاری ہے، جبکہ اسلام آباد ایئرپورٹ سمیت دیگر ہوائی اڈوں پر ایف آئی اے کے پری ویریفکیشن کاؤنٹرز بھی قائم کیے گئے ہیں، جہاں مسافر سفر سے قبل اپنی سفری دستاویزات کی تصدیق کراسکتے ہیں۔
اگر آپ اس خبر کے بارے میں مزید معلومات حاصل کرنا چاہتے ہیں تو نیچے دیے گئے لنک پر کلک کریں۔
مزید تفصیل