Friday, October 09, 2026
 

سود سے پاک حج سیونگ پلان، وزیراعظم نے مشترکہ سمری کی منظوری دے دی

 



وزیراعظم شہباز شریف نے پاکستانی عازمین حج کی سہولت اور حج کی قبل از منصوبہ بندی کے لیے وزارت مذہبی امور و بین المذاہب ہم آہنگی، وزارت خزانہ اور قومی بچت کی جانب سے پیش کردہ مشترکہ سمری کی منظوری دے دی ہے، جس کے بعد عازمین حج کے لیے سود سے پاک ’حج سیونگ پلان‘ متعارف کرانے کی راہ ہموار ہوگئی ہے۔ وزارت مذہبی امور کے مطابق وفاقی سیکریٹری ابرار احمد مرزا کی زیرصدارت ایک اہم اجلاس منعقد ہوا، جس میں وزارت خزانہ، مرکزی قومی بچت اور حج ونگ کے نمائندہ افسران شریک ہوئے، اجلاس میں بتایا گیا کہ حج سیونگ پلان کے تحت عازمین حج کو مقدس سفر کی تیاری کے لیے پیشی اور باقاعدہ بچت کی سہولت فراہم کی جائے گی۔ مجوزہ نظام کے ذریعے عازمین حج ڈیجیٹل ذرائع سے ماہانہ بنیاد پر رقم جمع کرا سکیں گے اور اپنی مرضی کے مطابق بچت کی مدت کے انتخاب، فنڈز کی فیملی ٹرانسفر، کسی بھی وقت بلا کٹوتی رقم کی واپسی سمیت دیگر سہولیات سے بھی استفادہ کر سکیں گے۔ سیکریٹری مذہبی امور نے کہا کہ حج سیونگ پلان کا بنیادی مقصد عازمین حج کو سفر حج کے اخراجات کے لیے بروقت اور منظم مالی منصوبہ بندی کا موقع فراہم کرنا، بڑھتی مہنگائی کا مقابلہ اور مقدس سفر کی تیاری مزید آسان بنانا ہے۔ انہوں نے کہا کہ متعلقہ ادارے منظور شدہ سمری کے مطابق اس کے قواعد و ضوابط دو ماہ کے اندر تیار کر لیں، قواعد میں حج سیونگ فنڈ کے ساتھ عمرہ سیونگ اسکیم اور مذہبی زیارات سیونگ سکیم  کی گنجائش بھی رکھی جائے۔ ابتدائی طور پر وزارت مذہبی امور، وزارت خزانہ اور مرکزی قومی بچت کے باہمی اشتراک سے تیار کیا جانے والا یہ ڈیجیٹل نظام حج کی مالی منصوبہ بندی کو جدید تقاضوں سے ہم آہنگ کرنے کی جانب ایک اہم قدم ہوگا جو حکومتی وژن کے مطابق حج انتظامات کو ڈیجیٹائز کرنے کی ایک کڑی ہے۔ منصوبے کے حوالے سے بتایا گیا کہ حج سیونگ پلان کے طریقہ کار، اہلیت، مدت، ڈیجیٹل سہولیات اور دیگر متعلقہ تفصیلات مناسب وقت پر عوام کے لیے جاری کی جائیں گی۔

اگر آپ اس خبر کے بارے میں مزید معلومات حاصل کرنا چاہتے ہیں تو نیچے دیے گئے لنک پر کلک کریں۔

مزید تفصیل