Loading
جنوبی افریقا کیخلاف ٹیسٹ سیریز کے پہلے میچ کے ابتدائی روز آسٹریلیا کی بیٹنگ لائن مشکلات سے دوچار رہی تاہم میٹ رینشا اور کپتان پیٹ کمنز کی ذمہ دارانہ بیٹنگ نے ٹیم کو مکمل تباہی سے بچا لیا۔
کنگزمیڈ میں خراب روشنی کے باعث کھیل ختم ہونے تک آسٹریلیا نے 6 وکٹوں کے نقصان پر 164 رنز بنائے تھے۔
آسٹریلوی کپتان پیٹ کمنز نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا لیکن نِک میڈنسن کو بطور اوپنر میدان میں اتارنے کا تجربہ ناکام ثابت ہوا۔
تقریباً دس سال بعد ٹیسٹ کرکٹ میں واپسی کرنے والے میڈنسن 33 گیندوں پر کوئی رن بنائے بغیر آؤٹ ہوگئے۔ ٹریوس ہیڈ بھی خاطر خواہ کارکردگی نہ دکھا سکے۔
مارنس لبوشین اور اسٹیون اسمتھ نے 60 رنز کی شراکت قائم کرکے اننگز کو سہارا دیا مگر دونوں کھلاڑی لنچ کے آس پاس پویلین واپس لوٹ گئے۔
اس کے بعد ایلکس کیری، بیو ویبسٹر اور دیگر بلے باز بھی جنوبی افریقی بولرز کے سامنے زیادہ دیر مزاحمت نہ کرسکے۔
جنوبی افریقا کی جانب سے مارکو جینسن، ویان مولڈر اور اینرک نورکیا نے دو، دو وکٹیں حاصل کیں۔
نورکیا نے ساڑھے تین سال بعد ٹیسٹ کرکٹ میں واپسی کرتے ہوئے نمایاں کارکردگی دکھائی۔
دوسری جانب پانچویں نمبر پر بیٹنگ کے لیے آنے والے میٹ رینشا نے شاندار مزاحمت کی۔ انہوں نے 115 گیندوں پر ناقابلِ شکست 46 رنز بنائے جبکہ کمنز 63 رنز کی ناقابلِ شکست شراکت میں ان کے مضبوط ساتھی ثابت ہوئے۔
خراب روشنی کے باعث کھیل روکے جانے تک آسٹریلیا کی پوزیشن پہلے کے مقابلے میں بہتر ہوچکی تھی۔
اگر آپ اس خبر کے بارے میں مزید معلومات حاصل کرنا چاہتے ہیں تو نیچے دیے گئے لنک پر کلک کریں۔
مزید تفصیل