Sunday, October 11, 2026
 

ریاض ایئرپورٹ پر سیکڑوں پروازیں منسوخ، دیگر ایئرپورٹس بھی متاثر

 



سعودی عرب میں حوثیوں کے تازہ حملوں کے بعد فضائی سفر کا نظام بری طرح متاثر ہوگیا جہاں دارالحکومت ریاض کے ایئرپورٹ سے سیکڑوں پروازیں منسوخ کردی گئیں جبکہ متعدد طیاروں کا رخ دوسرے شہروں کی جانب موڑ دیا گیا۔ فلائٹ شیڈول کے مطابق اتوار کو ریاض ایئرپورٹ سے طے شدہ 750 پروازوں میں سے 446 منسوخ ہوئیں۔ ریاض پہنچنے والی متعدد پروازوں کو جدہ، دمام اور مدینہ کے ہوائی اڈوں پر اتارا گیا جبکہ دمام جانے والے بعض طیاروں کو لینڈنگ کے لیے انتظار کرنا پڑا۔ پروازوں کی منسوخی اور تاخیر کے باعث ریاض ایئرپورٹ دنیا کے سب سے زیادہ متاثرہ ہوائی اڈوں میں سرفہرست آگیا۔ دستیاب اعداد و شمار کے مطابق یہاں پروازوں کی اوسط تاخیر 170 منٹ تک پہنچ گئی جبکہ فلائٹ ڈس رپشن انڈیکس بھی اپنی بلند ترین پانچویں سطح پر ریکارڈ کیا گیا۔ فضائی آپریشن میں خلل صرف ریاض تک محدود نہیں رہا۔ فلائٹ شیڈول کے مطابق جدہ ایئرپورٹ کی 830 میں سے 92 پروازیں منسوخ ہوئیں، جبکہ دمام ایئرپورٹ پر 240 میں سے 39 اور مدینہ ایئرپورٹ پر 230 میں سے 26 پروازیں منسوخی کا شکار ہوئیں۔ ریاض ایئرپورٹ پر پروازوں کی منسوخی اور طیاروں کے رخ تبدیل کیے جانے سے دیگر بڑے ہوائی اڈوں پر بھی دباؤ بڑھ گیا ہے، جس کے باعث سعودی عرب میں فضائی سفر کا نظام متاثر ہورہا ہے۔ تازہ حملوں کے بعد پیدا ہونے والی صورتحال نے مسافروں کے سفری شیڈول کو غیر یقینی بنا دیا ہے، تاہم فضائی آپریشن کی بحالی اور پروازوں کے معمول پر آنے سے متعلق مزید تفصیلات سامنے آنا باقی ہیں۔

اگر آپ اس خبر کے بارے میں مزید معلومات حاصل کرنا چاہتے ہیں تو نیچے دیے گئے لنک پر کلک کریں۔

مزید تفصیل