Loading
پنجاب کے بیشتر اضلاع میں 14 اکتوبر تک بارشوں کی پیشگوئی کے پیش نظر پی ڈی ایم اے نے صوبے بھر میں الرٹ جاری کر دیا، لاہور میں رات گئے سے ہلکی بارش کا سلسلہ شروع ہونے سے موسم خوشگوار ہوگیا جبکہ مری، گلیات اور دیگر پہاڑی علاقوں میں لینڈ سلائیڈنگ کا خدشہ ظاہر کیا گیا ہے۔
پی ڈی ایم اے پنجاب کے مطابق مغربی ہواؤں کا سلسلہ ملک کے بالائی علاقوں میں داخل ہوگیا ہے، جس کے باعث آج سے 14 اکتوبر تک صوبے کے بیشتر اضلاع میں تیز ہواؤں کے ساتھ بارش کا امکان ہے۔
ترجمان پی ڈی ایم اے کے مطابق 11، 13 اور 14 اکتوبر کو لاہور، راولپنڈی، مری، گلیات، اٹک، چکوال، جہلم، منڈی بہاؤالدین، گجرات، گوجرانوالہ، حافظ آباد، وزیر آباد، قصور، شیخوپورہ، سیالکوٹ، نارووال اور میانوالی میں تیز ہواؤں کے ساتھ ہلکی بارش متوقع ہے۔
اسی طرح 11 اور 13 اکتوبر کو فیصل آباد، خوشاب، بھکر، سرگودھا، جھنگ اور ٹوبہ ٹیک سنگھ میں بھی وقفے وقفے سے تیز ہواؤں اور گرج چمک کے ساتھ بارش کا امکان ہے۔
لاہور میں رات گئے سے ہلکی بارش کے باعث گرمی کی شدت میں کمی اور موسم خوشگوار ہوگیا۔ ایم ڈی واسا غفران احمد کی ہدایت پر بارش کے پانی کی نکاسی کے لیے آپریشنل عملہ فیلڈ میں موجود ہے، جبکہ کنٹرول روم کے ذریعے نکاسی آب کے عمل کی نگرانی بھی جاری ہے۔
ڈی جی پی ڈی ایم اے سیف انور جپہ نے صوبے بھر کے کمشنرز اور ڈپٹی کمشنرز کو الرٹ رہنے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا ہے کہ محکمہ صحت، آبپاشی، تعمیر و مواصلات، لوکل گورنمنٹ اور لائیو اسٹاک کو بھی الرٹ جاری کردیا گیا ہے۔
ڈی جی پی ڈی ایم اے نے شہریوں کو احتیاطی تدابیر اختیار کرنے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ خراب موسم میں غیر ضروری سفر سے گریز کریں اور آندھی و طوفان کے دوران محفوظ مقامات پر رہیں۔ شہری بوسیدہ اور کچے مکانات میں رہائش اختیار کرنے سے گریز کریں اور آسمانی بجلی سے بچاؤ کے لیے کھلے مقامات پر جانے سے اجتناب کریں۔
انہوں نے والدین کو ہدایت کی کہ بچوں کا خاص خیال رکھیں اور انہیں نشیبی علاقوں میں جمع پانی، بجلی کی تاروں اور کھمبوں کے قریب نہ جانے دیں۔ شہری گرج چمک اور طوفانی موسم کے دوران کھلے آسمان تلے جانے سے گریز کریں۔
ترجمان پی ڈی ایم اے کے مطابق کسی بھی ہنگامی صورتحال میں شہری پی ڈی ایم اے کی ہیلپ لائن 1129 پر رابطہ کرسکتے ہیں۔
اگر آپ اس خبر کے بارے میں مزید معلومات حاصل کرنا چاہتے ہیں تو نیچے دیے گئے لنک پر کلک کریں۔
مزید تفصیل