Loading
کراچی: اُمّہ ویلفیئر ٹرسٹ پاکستان نے روزگار اسکیم کے تین مراحل میں 263 مستحق افراد کو مفت رکشے اور موٹر سائیکلیں فراہم کردیں، جس کا مقصد ضرورت مند خاندانوں کو مستقل اور باعزت ذریعۂ معاش فراہم کرکے معاشی طور پر خودکفیل بنانا ہے۔
ادارے کے انکم جنریشن پروگرام 2026 کے تحت پہلے مرحلے میں 100، دوسرے مرحلے میں 75 اور تیسرے مرحلے میں 88 مستحق افراد کو روزگار کے لیے رکشے اور موٹر سائیکلیں دی گئیں۔ تینوں مراحل میں مجموعی طور پر 139 رکشے اور 124 موٹر سائیکلیں مفت تقسیم کی گئیں۔
اس سلسلے میں تیسرے مرحلے کی تقریب کراچی کے علاقے کلفٹن میں منعقد ہوئی، جہاں 88 مستحق افراد میں 44 رکشے اور 44 موٹر سائیکلیں تقسیم کی گئیں۔ مستحقین کا انتخاب شفاف قرعہ اندازی کے ذریعے کیا گیا، جبکہ تقریب میں انہیں رکشوں اور موٹر سائیکلوں کی چابیاں حوالے کی گئیں۔
اُمّہ ویلفیئر ٹرسٹ کے وائس چیئرمین حاجی عبدالرزاق بیلی نے کہا کہ اسکیم کا بنیادی مقصد ضرورت مند خاندانوں کو وقتی امداد دینے کے بجائے مستقل اور باعزت روزگار فراہم کرنا ہے، تاکہ وہ اپنی محنت سے آمدن کما کر گھریلو اخراجات پورے کرسکیں۔
تقریب میں حاجی بلال بگٹی، طارق منگرانی، ارشاد بخاری، خالد اعوان سمیت دیگر معززین نے شرکت کی۔ مقررین نے کہا کہ مہنگائی اور بے روزگاری نے عام آدمی کی مشکلات میں اضافہ کردیا ہے، ایسے حالات میں مستحق افراد کو معاشی طور پر خودکفیل بنانے کے لیے عملی اقدامات وقت کی اہم ضرورت ہیں۔
ادارے کے مطابق اُمّہ روزگار اسکیم کا مقصد مستحق خاندانوں کو روزگار کے وسائل فراہم کرکے انہیں دوسروں پر انحصار کرنے کے بجائے اپنے پاؤں پر کھڑا ہونے کے قابل بنانا ہے۔
ٹرسٹ کا کہنا ہے کہ اس کے تحت اب تک 700 سے زائد افراد کو رکشے اور موٹر سائیکلیں، 150 افراد کو دکانیں جبکہ 6 ہزار سے زائد خواتین کو سلائی مشینیں فراہم کی جاچکی ہیں۔
اگر آپ اس خبر کے بارے میں مزید معلومات حاصل کرنا چاہتے ہیں تو نیچے دیے گئے لنک پر کلک کریں۔
مزید تفصیل