Loading
شہر قائد میں ایک اور بند فلیٹ سے ایک ہی خاندان کے 5 افراد کی لاشیں برآمد ہونے کے افسوسناک واقعے نے شہریوں کو تشویش میں مبتلا کردیا جاں بحق ہونے والوں میں میاں بیوی، ان کی دو کم سن بچیاں اور ایک خاتون شامل ہیں۔
ابتدائی اطلاعات کے مطابق لاشیں گلشن فلک ناز، بلاک جے، پلاٹ نمبر ایس تھری کی گراؤنڈ فلور پر واقع ایک کمرے کے بند اپارٹمنٹ سے ملیں۔
گھر اندر سے بند تھا اور دروازے کے ہینڈل میں ورزش کے لیے استعمال ہونے والی ڈمبل راڈ پھنسا کر دروازہ بند کیا گیا تھا۔
پولیس کو فراہم کردہ تفصیلات کے مطابق جاں بحق افراد میں 30 سے 32 سالہ شہزیب ولد نوازش علی، ان کی 28 سے 30 سالہ اہلیہ صبا، شہزیب کی 20 سے 22 سالہ بہن شمائلہ اور ان کی دو کم سن بیٹیاں شامل ہیں۔ بچیوں کی عمریں تقریباً 4 سے 5 سال اور 3 سے 4 سال بتائی گئی ہیں۔
اطلاعات کے مطابق شہزیب اور صبا کی لاشیں صوفے پر بیٹھی ہوئی حالت میں ملیں دونوں کے سروں پر گولی لگنے کے نشانات تھے جبکہ صبا کی گود سے ایک پستول بھی برآمد ہوا۔
شہزیب کی بہن شمائلہ اور دونوں بچیوں کی لاشیں بستر پر پڑی تھیں جنہیں چادروں سے ڈھانپا گیا تھا۔
ابتدائی مشاہدے کی بنیاد پر شبہ ظاہر کیا گیا ہے کہ بچیوں کو فائرنگ کے واقعے سے قبل زہر دیا گیا ہو تاہم اس کی حتمی تصدیق پوسٹ مارٹم اور دیگر تحقیقات کے بعد ہی ہوسکے گی۔
واقعے کی اطلاع ملنے پر متعلقہ حکام نے جائے وقوعہ پر کرائم سین یونٹ طلب کرلیا ہے تاکہ شواہد جمع کیے جاسکیں اور واقعے کی وجوہات کا تعین کیا جاسکے۔
تاحال یہ واضح نہیں ہوسکا کہ پانچوں اموات کن حالات میں ہوئیں اور واقعے کے پیچھے اصل محرکات کیا تھے۔
اگر آپ اس خبر کے بارے میں مزید معلومات حاصل کرنا چاہتے ہیں تو نیچے دیے گئے لنک پر کلک کریں۔
مزید تفصیل