Tuesday, November 24, 2026
 

امریکا نے این ویڈیا کی جدید چپس چین منتقل کرنے کے الزام میں اے آئی کمپنی کو بلیک لسٹ کر دیا

 



امریکا نے این ویڈیا کے جدید اے آئی چپس چین منتقل کرنے کے الزامات پر سنگاپور کی مصنوعی ذہانت کی کمپنی میگا اسپیڈ کو بلیک لسٹ کرنے کا فیصلہ کرلیا، جس کے بعد کمپنی امریکا میں اشیا کی خرید و فروخت نہیں کرسکے گی۔ برطانوی نشریاتی ادارے کے مطابق امریکی محکمہ تجارت نے میگاسپیڈ لمیٹڈ کو ان اداروں کی فہرست میں شامل کرنے کا اعلان کیا ہے جن پر امریکا میں کاروباری پابندیاں عائد ہیں۔ تاہم پابندی کے نفاذ کی حتمی تاریخ نہیں بتائی گئی۔ امریکی حکام کو شبہ ہے کہ میگا اسپیڈ نے برآمدی پابندیوں کی خلاف ورزی کرتے ہوئے این ویڈیا کے جدید کمپیوٹر چپس چینی کمپنیوں تک پہنچانے میں مدد کی۔ امریکی محکمہ تجارت کے مطابق اس کمپنی کے خلاف تقریباً دو سال سے تحقیقات جاری تھیں۔ میگا اسپیڈ گزشتہ ماہ اس وقت عالمی توجہ کا مرکز بنی جب اس کی سابق ایگزیکٹو ایلس ہوانگ پر چین کے لیے جاسوسی کرنے کے الزامات سامنے آئے۔ میڈیا رپورٹس میں ان کے این ویڈیا کے سربراہ جینسن ہوانگ کے ساتھ قریبی تعلقات کا بھی دعویٰ کیا گیا، جس کے بعد امریکی حکام کی تشویش میں اضافہ ہوا۔ ایلس ہوانگ اور جینسن ہوانگ کے درمیان کوئی خاندانی تعلق نہیں ہے۔ چین نے جاسوسی کے الزامات مسترد کرتے ہوئے امریکا کو خبردار کیا تھا کہ وہ اس معاملے کو مصنوعی ذہانت کی ٹیکنالوجی پر پابندیوں کا جواز نہ بنائے۔ رپورٹ کے مطابق سنگاپور میں قائم میگاسپیڈ کے چین میں بھی بڑے کاروباری مفادات ہیں اور چینی آن لائن کمپنی علی بابا اس کی سب سے بڑی صارف ہے۔ کمپنی این ویڈیا کے اربوں ڈالر مالیت کے کمپیوٹر چپس خریدتی رہی ہے، جبکہ اس کی ذیلی کمپنی اسپیڈ میٹرکس کو بھی امریکی محکمہ تجارت کی بلیک لسٹ میں شامل کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔ واضح رہے کہ امریکا نے 2022 سے چین کو جدید اے آئی چپس کی فروخت پر پابندیاں عائد کر رکھی ہیں۔

اگر آپ اس خبر کے بارے میں مزید معلومات حاصل کرنا چاہتے ہیں تو نیچے دیے گئے لنک پر کلک کریں۔

مزید تفصیل