Monday, November 23, 2026
 

اس خبر پر خوش ہوا جائے یا فکرمند؟

 



جب سے امریکی تحقیقی ادارے پیو ریسرچ کی رپورٹ آئی ہے ہم لوگ خوشی سے پھولے نہیں سما رہے۔الحمدللہ ملتِ بیضا کی تعداد بڑھ رہی ہے اور وہ دن دور نہیں جب چہار جانب ہمارا ہی ڈنکا بجے گا اور ہم ہی بالاخر فتح مند ہوں گے۔ پیو ریسرچ رپورٹ کے مطابق سن بیس سو ستر تک مسلمان دنیا کی آبادی میں اسی فیصد تک اضافہ ہو سکتا ہے۔یعنی موجودہ دو اعشاریہ دو ارب سے بڑھ کے آبادی تین اعشاریہ چونسٹھ ارب تک پہنچ سکتی ہے۔جبکہ مسیحی آبادی اس عرصے میں تیس فیصد اضافے کے ساتھ لگ بھگ تین ارب نفوس ہو گی۔یہودی آبادی میں بیس فیصد ، ہندو آبادی میں سترہ فیصد اور دیگر مذاہب کے ماننے والوں میں نو فیصد تک اضافے کا تخمینہ ہے۔تاہم بودھ آبادی اس عرصے میں تئیس فیصد تک سکڑ سکتی ہے۔ تحقیق کے مطابق دو ہزار ستر تک دنیا کی موجودہ ساڑھے آٹھ ارب آبادی انتیس فیصد مزید بڑھے گی۔  آبادی کا تناسب برقرار رکھنے کے لیے اوسط شرحِ پیدائش دو اعشاریہ ایک فیصد ہونی چاہیے۔تاہم مسلمانوں میں اوسط شرحِ پیدائش تین اعشاریہ ایک فیصد ، مسیحوں میں ڈھائی فیصد اور دیگر مذاہب میں کل ملا کے اوسطاً ایک اعشاریہ چھ فیصد ہے۔اس اعتبار سے تریپن مسلم ممالک میں دو ہزار ستر تک ایک اعشاریہ دو ارب نفوس کا اضافہ ہوگا اور یہ تعداد اس عرصے میں بڑھنے والی کل عالمی آبادی کا چوہتر فیصد ہو گی۔ پاکستان اس وقت آبادی کے اعتبار سے انڈونیشیا کے بعد دوسرا بڑا مسلم ملک ہے۔دو ہزار ستر تک آبادی چھیالیس کروڑ ہونے کے سبب وہ سب سے بڑا مسلم ملک بن جائے گا۔اس کے بعد سب سے زیادہ آبادی بھارت کے مسلمانوں کی ہو گی۔ان کی موجودہ اکیس اعشاریہ تین کروڑ تعداد بڑھ کے تینتیس اعشاریہ چار کروڑ تک پہنچ سکتی ہے۔ نائجیریا کی آبادی بارہ کروڑ سے بڑھ کے اٹھائیس کروڑ ہو جائے گی۔یوں وہ گنجان مسلم ملک کی فہرست میں موجودہ پانچویں نمبر سے تیسرے نمبر پر آ جائے گا۔ انڈونیشیا جو اس وقت پہلے نمبر پر ہے دو ہزار ستر تک انتیس کروڑ آبادی کے ساتھ چوتھے پائدان پر ہو گا۔بنگلہ دیش کی آبادی پندرہ کروڑ سے بڑھ کے اکیس کروڑ ہو جائے گی اور وہ موجودہ چوتھے نمبر سے پانچویں پر آ جائے گا۔ چار مسلمان ممالک ترکی ، انڈونیشیا ، تیونس اور متحدہ عرب امارات میں دو اعشاریہ ایک فیصد سے کم کی شرح پیدائش ہے لہذا ان کی آبادی میں دو ہزار ستر تک نوجوانوں کی نسبت بوڑھوں کی تعداد میں اضافہ ہو گا۔ پیو ریسرچ رپورٹ سے اگرچہ مجھ جیسے مسلمان خوش تو ہیں تاہم یہ بھی دھیان رہے کہ بھارت ہو کہ یورپ یا کہیں اور کے نسل پرست۔ ایسی رپورٹیں ان کے لیے بھی ایمونیشن کا کام کرتی ہیں اور یہ ایمونیشن اسلاموفوبیا کو مزید بھڑکانے کے لیے بہترین ایندھن ہے۔  زیادہ آبادی کا سوچ کے خوش تو ہوا جا سکتا ہے لیکن صرف اضافے کا کیا کریں اگر غربت اور ناخواندگی کی شرح میں بھی اسی تناسب سے اضافہ ہوتا چلا جائے اورگورننس کا نظام بھی بہتر نہ ہو سکے۔تب تو یہ ہو گا کہ آج اگر کسی ملک میں چوبیس کروڑ انسانوں کو بنیادی حقوق میسر نہیں اور ان کا معیارِ زندگی بہتر ہونے کے بجائے جامد ہو یا مزید نیچے جا رہا ہو اور معیشت بھی غیر ہنرمندوں کی اکثریت کے رحم و کرم پر ہو تو یہی چوبیس کروڑ کل اگر پچاس کروڑ بھی ہو جائیں تو کیا فرق پڑے گا ؟ اس تناظر میں آج کا پاکستان دیکھ لیں کہ جس کے بارے میں یہ ’’ خوش خبری ‘‘ سنائی گئی ہے کہ وہ دو ہزار ستر ( یا اس سے بھی پہلے ) سب سے بڑا مسلمان ملک ہو گا۔اس وقت یہاں غربت کی سرکاری طور پر تسلیم شدہ شرح دو ہزار اٹھارہ انیس کی بائیس فیصد سے بڑھ کر انتیس فیصد ہو چکی ہے۔اقوامِ متحدہ کے آنکڑوں کے مطابق پاکستان میں اس وقت شرحِ غربت اڑتیس اعشاریہ تین فیصد اور عالمی بینک کے اندازوں کے مطابق پینتالیس فیصد سے اوپر ہے ( خطِ غربت کی موجودہ عالمی تعریف تین ڈالر یا اس سے کم کی روزانہ کمائی ہے ) جبکہ اقوامِ متحدہ کے ترقیاتی پروگرام ( یو این ڈی پی ) کے مطابق پاکستان کے غریبوں میں سے بھی انتہائی پسا ہوا طبقہ تیرہ فیصد ہے ( انتہائی پسے ہوئے غریب کی تعریف یہ ہے کہ جسے روزانہ خوراک ، صحت ، تعلیم اور چھت کے مسلسل لالے پڑے ہوئے ہوں) پاکستان کی چھتیس اعشاریہ دو فیصد دیہی اور ساڑھے سترہ فیصد شہری آبادی خطِ غربت سے نیچے زندگی گذارنے پر مجبور ہے۔ بلوچستان میں شرحِ غربت سب سے زیادہ یعنی سینتالیس فیصد ، خیبر پختون خوا میں پینتیس اعشاریہ تین فیصد ، سندھ میں بتیس اعشاریہ چھ فیصد اور پنجاب میں تئیس اعشاریہ تین فیصد بتائی گئی ہے۔اس تصویر کو دیکھتے ہوئے تعلیم اور صحت کا معیار کس سطح پر ہے یہ تو آپ اٹھتے بیٹھتے سنتے ہی رہتے ہوں گے۔ مانا کہ اگلے پتنتالیس برس میں موجودہ دو ارب مسلمانوں میں مزید اسی فیصد کا اضافہ ہو جائے گا۔مگر اس وقت دنیا کی کل غریب آبادی میں سے کم ازکم آدھی آبادی ستاون مسلمان ممالک میں بستی ہے۔ان ممالک میں تعلیم کی مجموعی اوسط شرح چالیس فیصد ہے۔ہر دس لاکھ مسلمانوں میں سے پانچ سو لوگ ایسے ہیں جو سائنسداں یا ٹیکنالوجسٹ کہلانے کے مستحق ہیں جبکہ مغرب میں یہ شرح دس لاکھ میں پانچ ہزار ہے۔ یعنی دنیا میں اس وقت جتنے بھی سائنٹسٹ اور ٹیکنالوجسٹ ہیں ان میں سے صرف ایک فیصد کا تعلق مسلم دنیا سے ہے۔عالمی سطح پر جتنے سائنسی مقالے شائع ہوتے ہیں ان میں سے صرف چھ فیصد مسلمان ممالک میں طبع ہوتے ہیں ۔مغرب سائنسی تحقیق و ترقی پر قومی آمدنی کا دس فیصد اور مسلم دنیا صفر اعشاریہ پانچ فیصد خرچ کرتی ہے۔ پورے عالمِ اسلام کی مجموعی جی ڈی پی فرانس کی جی ڈی پی سے کچھ ہی زیادہ ہے۔ہزار برس پہلے جب مسلمانوں کی تعداد زیادہ سے زیادہ دس کروڑ ہو گی تب وہ تعلیم ، طب اور سائنس میں دنیا کے امام تھے اور آج مقتدی کے درجے پر بھی نہیں رہے۔ تو پھر دو ہزار چھبیس میں ملنے والی اس خوش خبری کا کیا کریں کہ دو ہزار ستر تک مسلمان اسی فیصد اور بڑھ جائیں گے۔سوچئے اگر ہمارے یہی حالات رہے تو اس عرصے میں باقی دنیا کہاں سے کہاں پہنچ چکی ہو گی؟ (وسعت اللہ خان کے دیگر کالم اور مضامین پڑھنے کے لیے bbcurdu.com اورTweeter @WusatUllahKhan.پر کلک کیجیے)

اگر آپ اس خبر کے بارے میں مزید معلومات حاصل کرنا چاہتے ہیں تو نیچے دیے گئے لنک پر کلک کریں۔

مزید تفصیل