Monday, November 23, 2026
 

باراتی رقص میں کرتے رہے؛ چور مہمان زیورات اور نقدی لے اُڑا؛ ویڈیو وائرل

 



بھارت میں شادی کی تقریب کے دوران مہمانوں کے ساتھ گھل مل کر آنے والا چور لاکھوں روپے مالیت کے زیورات اور نقدی سمیٹ کر فرار ہوگیا واردات کی ویڈیو سامنے آنے کے بعد پولیس نے ملزم کی تلاش شروع کردی۔ بھارتی میڈیا کے مطابق واقعہ 20 نومبر کو ریاست اترپردیش کے شہر غازی آباد کے علاقے ویو سٹی میں واقع ایک بینکوئٹ ہال میں پیش آیا جہاں دہلی کے علاقے دوارکا سے بارات آئی ہوئی تھی۔ پولیس نے ابتدائی تفتیش کے بعد بتایا کہ نامعلوم شخص عام مہمانوں کی طرح تقریب میں شریک ہوا اور کافی دیر تک لوگوں کے درمیان گھومتا رہا۔ اس نے کھانا بھی کھایا اور موقع ملنے کا انتظار کرتا رہا۔ بینکوئٹ ہال کی نگرانی کرنے والے کیمروں کی ریکارڈنگ میں دیکھا جاسکتا ہے کہ جینز اور کھیلوں کے جوتے پہنے ایک شخص ہاتھ میں جیکٹ لیے اس میز کے قریب پہنچا جہاں مہمانوں کے بیگ اور پرس رکھے ہوئے تھے۔ https://www.facebook.com/etnow/videos/a-thief-disguised-as-a-wedding-guest-made-off-with-a-bag-containing-jewellery-va/2110233329608384/ اس دوران اہل خانہ شادی کی تقریبات میں مصروف اور رقص کررہے تھے۔ ملزم نے اردگرد نظر دوڑائی ایک بیگ اٹھایا اور جیکٹ کی آڑ میں چھپا کر ہال سے باہر نکل گیا۔ اہل خانہ کو چوری کا علم رقص کے بعد میز پر واپس آنے پر ہوا۔ بیگ میں تقریباً 20 لاکھ بھارتی روپے مالیت کے زیورات اور ڈھائی لاکھ روپے نقد موجود تھے۔ مجموعی نقصان 22 لاکھ 50 ہزار بھارتی روپے بتایا گیا ہے۔ پولیس کو شبہ ہے کہ واردات میں ملزم کے دیگر ساتھی بھی شامل ہوسکتے ہیں جو مہمانوں کے روپ میں تقریب میں موجود تھے۔ مقدمہ درج کرکے سی سی ٹی وی ریکارڈنگ کی مدد سے ملزم اور اس کے ممکنہ ساتھیوں کی شناخت کی کوشش کی جارہی ہے۔

اگر آپ اس خبر کے بارے میں مزید معلومات حاصل کرنا چاہتے ہیں تو نیچے دیے گئے لنک پر کلک کریں۔

مزید تفصیل