Monday, November 23, 2026
 

ن لیگ اور پیپلزپارٹی میں علیحدگی کی باتیں

 



پاکستان مسلم لیگ (ن) اور پیپلزپارٹی اس وقت ایک اتحاد میں ہیں۔ اسی اتحاد کی وفاق میں حکومت ہے۔ ویسے تو بلوچستان میں بھی دونوں جماعتوں کی اتحادی حکومت ہے۔ لیکن زیادہ بڑا اتحاد وفاق میں ہے۔ پیپلزپارٹی نے وفاق میں حکومت میں کوئی حصہ نہیں لیا ہوا۔ لیکن صدر مملکت اور چیئرمین سینیٹ کے آئینی عہدے ان کے پاس ہیں۔ اسی طرح دو صوبوں کے گورنر اور قومی اسمبلی میں ڈپٹی اسپیکر کا عہدہ بھی ان کے پاس ہے۔ تا ہم پیپلزپارٹی نے کوئی و زارت نہیں لی تھی۔ آج کل پیپلزپارٹی اور مسلم لیگ (ن) کے درمیان سب ٹھیک نہیں چل رہا ہے۔ بلاول بھٹو کی پریس کانفرنس اور ٹی وی انٹرویوز نے درجہ حرارت بہت گرم کر دیا ہے۔ اس کے بعد سیاسی درجہ حرارت کو ٹھنڈا کرنے کے لیے کافی کوششیں ہوئی ہیں۔ لیکن بلاول نے سیاسی درجہ حرارت جتنا گرم کر دیا تھا، اب اس کو ٹھنڈا کرنے میں مشکلات پیش آرہی ہیں۔ ویسے تو پہلے بھی ایسا ہی ہوتا ہے کہ بلاول سیاسی درجہ حرارت کو گرم کرتے ہیں اور صدر آصف زرداری سیاسی درجہ حرارت کو ٹھنڈا کرنے کی کوششیں شروع کر دیتے ہیں۔ اس بار بھی صدر آصف زرداری نے پہلے لاہور میں وزیر اعظم شہباز شریف سے ان کے گھر پر ملاقات کی۔ اس کے بعد بلاول کی پریس کانفرنس اور انٹرویوز کے بعد بھی اسلام آباد میں ملاقاتیں ہوئی ہیں۔ لیکن سب سے بڑا سوال یہی ہے کہ کیا معاملات ٹھیک ہو گئے ہیں۔ ویسے تو سوشل میڈیا پر یہ خبریں بھی گرم رہی ہیں کہ آصف زرداری اور شہباز شریف ملاقات کے علاوہ بھی دو بڑوں کی ملاقات ہوئی ہے۔ لیکن سرکاری ذرائع سے اس کی کوئی تصدیق نہیں ہوئی ہے۔ اس لیے جب تک سرکاری ذرائع سے اس کی کوئی تصدیق نہ ہو ہم اس پر مزید بات نہیں کر سکتے۔لیکن حقیقت یہی ہے کہ بلاول نے اپنی پریس کانفرنس اور انٹرویوز میں صرف ن لیگ کو نشانہ نہیں بنایا تھا بلکہ انھوں نے مقتدرہ کو بھی نشانہ بنایا تھا۔ اس لیے قیاس آرائی یہی ہے کہ وہاں بھی سب ٹھیک نہیں ہے۔ اس لیے آصف زرداری کا کام بظاہر زیادہ مشکل نظر آرہا ہے۔ انھوں نے صرف ن لیگ کے ساتھ گرم سیاسی درجہ حرارت کو ٹھنڈا نہیں کرنا ہے بلکہ مقتدرہ کے ساتھ بھی درجہ حرارت ٹھنڈا کرنا ہے۔ مجھے ایسا لگتا ہے کہ بلاول حکومت کی حمایت ختم کرنے کا ذہن بنا چکے ہیں۔ وہ ن لیگ کی مرکزی حکومت کو مزید حمایت نہیں دینا چاہتے۔ اس لیے ماحول بنا رہے ہیں کہ ن لیگ اور پیپلزپارٹی کے درمیان مرکز کی سطح پر علیحدگی ہو جائے۔ اس ضمن میں دو انتخابات کے نتائج قابل غور ہیں۔ گلگت بلتستان اور آزاد کشمیر کے انتخابات میں ن لیگ اور پیپلزپارٹی دونوں جماعتیں براہ راست ایک دوسرے کے مقابلے میں تھیں۔ تحریک انصاف نے ان دونوں انتخابات میں حصہ نہیں لیا۔ اس لیے مقابلہ ان دو جماعتوں کے درمیان ہوا۔ بلاول نے ان دونوں انتخابات میں ن لیگ کی خوب مخالفت کی۔ ان کی تقاریر گرم تھیں۔انھوں نے انتخابات کا ماحول بھی خوب بنایا۔ اس لیے ایک سوچ یہ بن گئی ہے کہ یہ دونوں جماعتیں ایک دوسرے کے خلاف انتخابات لڑتی ہیں۔ اب یہ بھی منظر نامہ سامنے ہے کہ اگر اگلے انتخابات بروقت ہوتے ہیں اور سیاسی صورتحال یہی رہتی ہے۔ تحریک انصاف اور بانی تحریک انصاف انتخابات کے بائیکاٹ کا اپنا فیصلہ برقرار رکھتے ہیں تو اگلے انتخابات پیپلزپارٹی اور ن لیگ کے درمیان ہوں گے۔ بلاول اس کی تیاری چاہتے ہیں۔ اس لیے وہ حکومتی اتحاد سے علیحدہ ہو کر اپوزیشن میں بیٹھنا چاہتے ہیں۔ لیکن یہ کام اتنا آسان نہیں ہے تاہم وہ اس کے لیے ماحول بنا رہے ہیں۔ اگر پیپلزپارٹی اپوزیشن میں بیٹھ جاتی ہے تو کیا ہوگا۔ پہلی بات تو یہ ہے کہ مرکزی حکومت کمزور ہوگی۔ اس ضمن میں مسلم لیگ (ن) کو اپنی سادہ اکثریت پوری کرنے کے لیے چند مزید ووٹ درکار ہیں۔ یقیناً پیپلزپارٹی کے علیحدہ ہونے سے شہباز شریف کی حکو مت کی عددی اکثریت آج پوری نہیں ہے۔ لیکن ایسے اشارے مل رہے ہیں کہ ن لیگ پیپلزپارٹی کے بغیر اپنی سادہ اکثریت پوری کرنے پر کام کر رہی ہے۔ اس لیے جہاں پیپلزپارٹی حکومتی اتحاد سے علیحدہ ہو کر اپوزیشن بنچز پر بیٹھنے کے بارے میں سوچ رہی ہے۔ وہاں ن لیگ بھی پیپلزپارٹی کی علیحدگی کے بعد اپنی حکومت قائم رکھنے پر کام کر رہی ہے۔ بلاول اپوزیشن میں بیٹھ کر قائد حزب اختلاف بننے کی خواہش رکھتے ہیں۔ وہ دو سال مکمل اپوزیشن کر کے اگلے انتخابات کے لیے میدان میں اترنا چاہتے ہیں۔ وہ سمجھتے ہیں کہ یہ اپوزیشن کرنے کے لیے بہترین وقت ہے۔ ان کی سندھ کی حکومت کو کوئی خطرہ نہیں۔ صدر مملکت آصف زرداری محفوظ ہیں۔ وزیر اعظم کے خلاف تو عدم اعتماد کے لیے سادہ اکثریت درکار ہے۔ لیکن صدر کا مواخذہ عملی طور پر نہ صرف مشکل بلکہ نا ممکن ہے۔ اس لیے اگر پیپلزپارٹی اپوزیشن میں جاتی ہے تو صدر مملکت محفوظ ہیں۔البتہ پیپلزپارٹی کے پی اور پنجاب کے گورنر کے عہدوں سے ہاتھ دھو سکتی ہے۔ یہ قیمت مستقبل کی سیاست کو محفوظ کرنے کے لیے کوئی زیادہ نہیں ہے۔جہاں تک چیئرمین سینیٹ کا تعلق ہے تو اس کے نئے انتخابات اگلے سال متوقع ہیں۔ اگر پیپلزپارٹی اپوزیشن میں ہو اپوزیشن اتحاد کے ساتھ مل کر بھی یہ انتخاب لڑا جا سکتا ہے۔ اس لیے میری اطلاعات کے مطابق بلاول علیحدگی کے روڈ میپ پر کام کر رہے ہیں۔ وہ پاپولر سیاست کرنا چاہتے ہیں۔ ان کی رائے میں تحریک انصاف کے ووٹ بینک کو ایک اچھی پاپولر سیاست سے حاصل کیا جا سکتا ہے۔ وہ پنجاب میں کام کرنا چاہتے ہیں۔ وہ پنجاب میں ن لیگ کی بڑی اپوزیشن بن کر سامنے آنا چاہتے ہیں۔ وہ تحریک انصاف کے ووٹر کے لیے ایک چوائس بننا چاہتے ہیں۔ یہ ایک اچھا اسکرپٹ لگتا ہے۔ لیکن یہ کوئی آسان راستہ نہیں ہے۔ سوال یہی ہے کہ جس ہائبرڈ نظام کا پیپلزپارٹی اور بلاول حصہ بن چکے ہیں اس سے علیحدگی اتنی آسان نہیں کہ آپ نے سوچا اور ہوگیا۔ یہ کانٹوں کا راستہ ہے، چل کر جانا ہے۔ ایک پریس کانفرنس نے نہ صرف مسائل پید اکر دیے ہیں بلکہ مشکلات پیدا کر دی ہیں۔ آگے کیا ہوگا یہ اہم سوال ہے۔ یہ بات بھی اہم ہے کہ اگر ن لیگ اور پیپلزپارٹی دونوں حکمران اتحاد برقرا ر رکھتی ہیں تو اس کا ن لیگ کو فائدہ ہے۔ وہ اقتدار میں ہیں اور انھوں نے اگلے انتخابات اپنی کارکردگی کی بنیاد پر ہی لڑنا ہیں۔ پیپلزپارٹی نے نہ تو ن لیگ کی کارکردگی پر الیکشن لڑنا ہے۔ اور اگر وہ اپوزیشن میں بھی نہیں ہوں گے اور نہ اقتدار میں تو الیکشن کیا لڑیں گے۔ اس لیے کہیں نہ کہیں اگر پیپلزپارٹی کو اگلے انتخابات کی تیاری کرنی ہے تو انھیںاب حکمران اتحاد سے علیحدگی کرنی ہوگی۔ یہی وہ منظر نامہ نظر آرہا ہے۔ کب اور کیسے کا سوال اپنی جگہ موجود ہے۔

اگر آپ اس خبر کے بارے میں مزید معلومات حاصل کرنا چاہتے ہیں تو نیچے دیے گئے لنک پر کلک کریں۔

مزید تفصیل