Loading
سینئر وزیر سندھ شرجیل انعام میمن نے کہا ہے کہ سندھ میں چینی سرمایہ کاری کی نئی راہیں کھلنے جا رہی ہیں۔
اپنے بیان میں سینئر صوبائی وزیر شرجیل انعام میمن نے کہا ہے کہ چین میں ہونے والی سرمایہ کاری کانفرنس صوبے کی معیشت، صنعتی ترقی اور روزگار کے نئے مواقع پیدا کرنے میں اہم کردار ادا کرے گی۔
انہوں نے کہا کہ شنگھائی میں منعقدہ کانفرنس کے ذریعے سندھ میں سرمایہ کاری اور معاشی سرگرمیوں کو فروغ دینے پر توجہ دی جائے گی۔
شرجیل میمن کا کہنا تھا کہ کانفرنس میں سندھ میں سرمایہ کاری کے دستیاب مواقع اجاگر کرنے اور چینی سرمایہ کاروں کے ساتھ کاروباری روابط مضبوط بنانے پر توجہ مرکوز کی جائے گی۔ سندھ قدرتی وسائل، توانائی، زراعت، معدنیات، ٹرانسپورٹ، بنیادی ڈھانچے اور صنعتی ترقی کے شعبوں میں وسیع امکانات رکھتا ہے، جن سے فائدہ اٹھانے کی ضرورت ہے۔
سینئر وزیر نے کہا کہ ان شعبوں میں چینی سرمایہ کاروں کو سرمایہ کاری کے مواقع فراہم کرنے سے صوبے کی پیداواری صلاحیت بڑھانے میں مدد ملے گی۔ اس کے علاوہ نئی صنعتیں قائم کرنے، موجودہ صنعتی یونٹس کو وسعت دینے، روزگار کے نئے مواقع پیدا کرنے اور مقامی کاروبار کو فروغ دینے کی راہ بھی ہموار ہوگی۔
شرجیل انعام میمن نے کہا کہ سرمایہ کاری کانفرنس کا مقصد سندھ کی معاشی صلاحیت کو عالمی سرمایہ کاروں کے سامنے پیش کرنا اور باہمی تعاون کے نئے راستے تلاش کرنا ہے۔ چینی سرمایہ کاری سے صوبے میں جدید ٹیکنالوجی، صنعتی مہارت، جدید پیداواری طریقوں اور بین الاقوامی کاروباری تجربات کی منتقلی کے مواقع پیدا ہوں گے۔
انہوں نے کہا کہ تھر کے قدرتی وسائل، صنعتی زونز اور تجارتی روابط کو ترقی دینے کے لیے چینی سرمایہ کاروں کے ساتھ شراکت داری اہم کردار ادا کرسکتی ہے۔ شنگھائی میں ہونے والی سرمایہ کاری کانفرنس کے ذریعے چینی سرمایہ کاروں کے ساتھ مؤثر روابط قائم کرنے اور سندھ میں عملی سرمایہ کاری کی راہ ہموار کرنے پر توجہ دی جائے گی۔
اگر آپ اس خبر کے بارے میں مزید معلومات حاصل کرنا چاہتے ہیں تو نیچے دیے گئے لنک پر کلک کریں۔
مزید تفصیل