Tuesday, October 13, 2026
 

معاہدہ کسی ملک کے خلاف نہیں، مکہ دفاعی معاہدے کے سیکریٹری کی صدر مملکت سے ملاقات

 



مکہ مشترکہ دفاعی معاہدے کے پہلے سیکریٹری جنرل لیفٹننٹ جنرل (ر) نعمان محمود نے صدر مملکت آصف علی زرداری سے ملاقات کی اور اس موقع پر کہا گیا کہ معاہدہ دفاعی نوعیت کا ہے اور کسی ملک کے خلاف نہیں ہے۔ ایوان صدر سے جاری اعلامیے کے مطابق صدر آصف علی زرداری سے ایوان صدر میں لیفٹیننٹ جنرل (ر) نعمان محمود نے ملاقات کی جو ریاض میں قائم کیے گئے سہہ ملکی اتحاد کے جنرل سیکریٹریٹ کی سربراہی کریں گے۔ صدر آصف علی زرداری نے کہا کہ مکہ مشترکہ دفاعی معاہدہ علاقائی امن اور استحکام کو مضبوط بنائے گا، یہ معاہدہ اقوام متحدہ کے منشور اور بین الاقوامی قانون کے اصولوں کے تحت دفاعی تعاون کو فروغ دے گا۔ انہوں نے کہا کہ مکہ معاہدہ خالصتاً دفاعی نوعیت کا ہے، کسی ملک کے خلاف نہیں اور مکہ مشترکہ دفاعی معاہدے کے تحت کسی نئے بلاک کی تشکیل نہیں کی جا رہی ہے۔ صدر مملکت نے کہا کہ پاکستان تنازعات کے پرامن حل کے لیے پرعزم ہے، ابھرتے ہوئے چیلنجز سے نمٹنے کے لیے علاقائی اور کثیرالجہتی تعاون کا فروغ ضروری ہے۔ ایوان صدر سے جاری اعلامیے کے مطابق صدر مملکت آصف علی زرداری اور لیفٹننٹ جنرل (ر) نعمان محمود کے درمیان ملاقات کے موقع پر وفاقی وزیر داخلہ و انسداد منشیات محسن رضا نقوی بھی موجود تھے۔

اگر آپ اس خبر کے بارے میں مزید معلومات حاصل کرنا چاہتے ہیں تو نیچے دیے گئے لنک پر کلک کریں۔

مزید تفصیل