Loading
ملتان کے قریب پیش آنے والے رحمان بابا ایکسپریس ٹرین حادثے کی ابتدائی تحقیقات میں اہم انکشاف سامنے آیا ہے۔
ایکسپریس نیوز کو محکمہ ریلوے کی جانب سے موصول ہونے والے مشترکہ سرٹیفکیٹ کے مطابق ٹرین کی دوسری کوچ کا لٹکتا ہوا پرزہ حادثے کی وجہ بنا جبکہ کوچ نمبر 12430-6 کی فرنٹ ٹرالی کا ٹریس بار ہینگر کراسنگ بلاک سے ٹکرایا۔
مشترکہ رپورٹ کے مطابق کوچ کا پرزہ کراسنگ کی نوز میں پھنسنے سے ایک ڈبہ ڈی ریل ہوا اور پھر رحمان بابا ایکسپریس کی مزید 13 کوچز بھی ڈی ریل ہو گئیں۔ حادثے کے نتیجے میں اپ اور ڈاؤن دونوں ٹریکس متاثر ہوئے۔
رپورٹ کے مطابق ٹرین کا انجن اور لگیج وین کراسنگ سے بحفاظت گزر گئے تھے جبکہ رحمان بابا ایکسپریس 672 ٹن لوڈ کے ساتھ سفر کر رہی تھی، حادثے کے مقام پر ٹریس بار ہینگر کا باقی حصہ مل گیا۔
رپورٹ کے مطابق کراسنگ میں ٹرین کے دیگر پرزے بھی پھنسے ہوئے پائے گئے جبکہ ابتدائی تحقیقات میں حادثے کی وجہ کوچ کے لٹکتے ہوئے پرزے کا کراسنگ میں پھنسنا قرار دیا گیا ہے۔
واضح رہے کہ کراچی سے پشاور جانے والی رحمان بابا ایکسپریس کو ملتان کے قریب حادثہ پیش آیا جس میں ڈیڑھ سالہ بچی سمیت 6 مسافر جاں بحق ہوگئے جبکہ 50 سے زائد زخمی ہوئے ہیں۔
اگر آپ اس خبر کے بارے میں مزید معلومات حاصل کرنا چاہتے ہیں تو نیچے دیے گئے لنک پر کلک کریں۔
مزید تفصیل