Wednesday, October 14, 2026
 

بیٹے کے انتقال کے بعد چھ ماہ گھر سے باہر نہیں نکلا، ببرک شاہ کا انکشاف

 



پاکستانی اداکار ببرک شاہ نے اپنے کم سن بیٹے کی موت کے بعد گزرنے والے مشکل وقت اور اس سانحے سے اپنی شخصیت پر پڑنے والے اثرات کے بارے میں بات کی ہے۔ ان کا کہنا ہے کہ اس صدمے نے انہیں زندگی کے بارے میں اپنا رویہ بدلنے اور صبر کرنا سیکھنے پر مجبور کیا۔ ایک نجی فیشن میگزین کو انٹرویو دیتے ہوئے اداکار نے بتایا کہ ان کے چوتھے بیٹے کی پیدائش سے پہلے ان کی اہلیہ کو بہت زیادہ پانی پینے اور برف کھانے کی خواہش ہوتی تھی۔ ببرک شاہ نے اس بات کو عجیب اتفاق قرار دیا کہ ان کے اسی بیٹے کی موت بعد میں ڈوبنے کے واقعے میں ہوئی۔ ان کے مطابق بیٹا 21 رمضان کو پیدا ہوا تھا اور جس مہینے میں وہ دنیا سے رخصت ہوا، وہ بھی رمضان ہی کا مہینہ تھا۔ اداکار نے کہا کہ وقت گزرنے کے ساتھ انہوں نے اس دکھ کو برداشت کرنا سیکھا اور اس حقیقت کو قبول کیا کہ اولاد سمیت اللہ تعالیٰ کی عطا کردہ ہر نعمت ایک امانت ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ عموماً اولاد اپنے والدین کو سپرد خاک کرتی ہے، لیکن انہیں اپنے بیٹے کی تدفین کرنا پڑی۔ والدین کے لیے یہ تصور ہی تکلیف دہ ہوتا ہے کہ ان کی اولاد ان سے پہلے دنیا سے چلی جائے۔ انہوں نے اپنے بیٹے کو ذہین بچہ قرار دیا۔ ببرک شاہ کے مطابق بیٹے کی وفات کے بعد وہ مسلسل چھ ماہ تک گھر سے باہر نہیں نکلے۔ یہ ان کی زندگی کے بڑے صدمات میں سے ایک تھا، جس سے نکلنے کے لیے انہیں خود کو سنبھالنا پڑا۔ ان کا کہنا تھا کہ اسی تجربے کے تناظر میں انہوں نے ایک شو میں خود کو ’کندن سونا‘ کہا تھا اور یہ بات کہی تھی کہ انہیں بدلنا آسان نہیں۔ اپنے مزاحیہ انداز کے بارے میں گفتگو کرتے ہوئے اداکار نے بتایا کہ اس رویے کے پیچھے ایک مقصد اپنی اہلیہ کے غم کو کم کرنا تھا۔ وہ گھر میں مزاحیہ حرکتیں کرتے تاکہ اہلیہ کی توجہ دکھ سے ہٹ سکے، کیونکہ وہ رات کے وقت اپنے کمرے میں تنہا بیٹھ کر رویا کرتی تھیں۔ ببرک شاہ نے کہا کہ زندگی میں ہر انسان کو اپنے حصے کی آزمائشوں اور دکھوں کا سامنا کرنا پڑتا ہے، لیکن صبر ہی کامیابی کی کنجی ہے۔ واضح رہے کہ دسمبر 2022 میں اداکار کو اس وقت شدید صدمہ پہنچا تھا، جب لاہور میں ان کی رہائشی سوسائٹی میں پیش آنے والے ایک افسوس ناک واقعے میں ان کے سب سے چھوٹے بیٹے زاویار شاہ کی ڈوبنے سے موت ہوگئی تھی۔

اگر آپ اس خبر کے بارے میں مزید معلومات حاصل کرنا چاہتے ہیں تو نیچے دیے گئے لنک پر کلک کریں۔

مزید تفصیل