Wednesday, October 14, 2026
 

سعودی عرب مینز ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ ایشیا سب ریجنل کوالیفائر بی کا چیمپئن بن گیا

 



سعودی عرب کرکٹ ٹیم آئی سی سی مینز ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ ایشیا سب ریجنل کوالیفائر بی کی چیمپئن بن گئی۔ موصولہ اطلاعات کے مطابق سعودی کرکٹ ٹیم ملائیشیا کے دارلحکومت کوالالمپور میں مسلسل پانچ فتوحات کے ساتھ ناقابل شکست مہم مکمل کر کے ایشین کوالیفکیشن پاتھ وے 2027 کے اگلے مرحلے میں جگہ بنانے میں کامیاب ہوگئی۔ ملائیشیا میں سعودی عرب کے سفیر اسامہ بن دخیل الاحمدی نے سعودی کرکٹ ٹیم کو چیمپئن شپ ٹرافی پیش کی۔ سعودی عرب 10 پوائنٹس کے ساتھ  دیگر پانچ شریک ممالک سے آگے رہا۔ سعودی عرب کرکٹ ٹیم نے میزبان ملائیشیا کو شکست دینے سے قبل سنگاپور کے خلاف فتح کے ساتھ ٹورنامنٹ کا آغاز کیا تھا۔ سعودی ٹیم نے ہانگ کانگ اور چین کے خلاف اپنی جیت کا سلسلہ جاری رکھتے ہوئے فائنل راؤنڈ سے قبل ٹائٹل اپنے نام کر لیا اور مالدیپ کے خلاف فتح کے ساتھ ایک بہترین مہم مکمل کی۔ سعودی عرب کرکٹ فیڈریشن کے چیئرمین شہزادہ سعود بن مشعل بن محمد آل سعود کا کہنا تھا کہ یہ  ٹائٹل جیتنا سعودی کرکٹ ٹیم کے لیے ایک اہم سنگ میل کی نمائندگی کرتا ہے اور مملکت میں کرکٹ کے اِیکو سسٹم میں ہونے والی وسیع تر پیشرفت کی عکاسی کرتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ یہ فتح ایشین کرکٹ کونسل (اے سی سی) اور انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) کے تحت منعقد ہونے والے مقابلوں میں سعودی کرکٹ ٹیم کا تیسرا ٹائٹل ہے جس نے سعودی عرب کے کھیلوں میں ایک اور کامیابی کا اضافہ کیا۔ اب سعودی عرب اپنی توجہ 2027 میں اگلے کوالیفائنگ مرحلے پر مرکوز کرے گا۔ سعودی کرکٹ ٹیم آئی سی سی  مینز ٹیم ٹوئنٹی عالمی کپ 2028 میں کوالیفائی کرنے کے لیے اپنا سفر جاری رکھے گی۔

اگر آپ اس خبر کے بارے میں مزید معلومات حاصل کرنا چاہتے ہیں تو نیچے دیے گئے لنک پر کلک کریں۔

مزید تفصیل