Thursday, October 15, 2026
 

ورلڈ بینک گروپ کا سالانہ اجلاس؛ احد چیمہ کی قیادت میں پاکستان وفد بینکاک پہنچ گیا

 



وفاقی وزیر اقتصادی امور اور ورلڈ بینک گروپ پاکستان کے گورنر احد چیمہ بینکاک پہنچ گئے جہاں وہ ورلڈ بینک گروپ کے 2026ء کے سالانہ اجلاس میں پاکستانی وفد کی قیادت کررہے ہیں۔ سالانہ اجلاس کی سائیڈ لائنز پر احد چیمہ کی ورلڈ بینک کی مینیجنگ ڈائریکٹر آپریشنز انا بیئرڈے سے ملاقات ہوئی جس میں پاکستان کے کنٹری پارٹنرشپ فریم ورک 2026–2035 پر عمل درآمد تیز کرنے اور ترقیاتی نتائج بہتر بنانے پر تبادلۂ خیال کیا گیا۔ احد چیمہ نے کہا کہ سی پی ایف کے اہداف کو ٹھوس ترقیاتی نتائج میں بدلنا حکومت کی ترجیح ہے، پاکستان میں تکنیکی اور مالی معاونت بڑھانے اور مربوط ترقیاتی پروگراموں کی ضرورت ہے، منصوبوں کی نگرانی اور نتائج جانچنے کے لیے ڈیجیٹل نظام وضع کرنے پر زور دیا گیا، منصوبوں کی بہتر تیاری کے لیے پراجیکٹ ریڈینس سہولیات اور قابلِ پیش گوئی مالی معاونت اہم ہے۔ احد چیمہ نے کہا کہ رعایتی مالی وسائل مؤثر طور پر بروئے کار لا کر قرضوں کا پائیدار انتظام برقرار رکھا جائے۔ ملاقات میں انسانی ترقی، موسمیاتی مضبوطی، پانی و صفائی اور معاشی تبدیلی کے شعبوں میں تعاون پر گفتگو ہوئی۔ احد چیمہ نے کہا کہ روزگار کے مواقع پیدا کرنے والے شعبوں میں سرمایہ کاری جامع ترقی کے لیے اہم ہے۔ ایم ایل-1 ریلوے اپ گریڈیشن منصوبے کے لیے ورلڈ بینک کی مزید معاونت پر تبادلۂ خیال کیا گیا، تقریباً 1,800 کلومیٹر ریلوے لائن کے ساتھ اقتصادی راہداری قائم کرنے کے وژن پر گفتگو ہوئی ساتھ ہی پاکستان کے معدنیات کے شعبے کو آگے بڑھانے کے لیے مجوزہ منرلز کمپیکٹ بھی زیرِ بحث آیا۔ انا بیئرڈے نے کہا کہ ورلڈ بینک پاکستان کے ترجیحی شعبوں میں معاونت اور منصوبوں پر عمل درآمد تیز کرنے کے لیے پُرعزم ہے۔ پاکستان اور ورلڈ بینک گروپ نے مشترکہ ترجیحات پر تعاون مزید گہرا کرنے پر اتفاق کیا۔

اگر آپ اس خبر کے بارے میں مزید معلومات حاصل کرنا چاہتے ہیں تو نیچے دیے گئے لنک پر کلک کریں۔

مزید تفصیل