Friday, October 16, 2026
 

حکومت سندھ کا طلبہ، نوجوانوں کیلئے انٹرن شپ، روزگار کے مواقع بڑھانے کا فیصلہ

 



حکومت سندھ نے طلبہ اور فارغ التحصیل نوجوانوں کے لیے انٹرن شپ اور روزگار کے مواقع بڑھانے کا فیصلہ کرتے ہوئے کہا ہے کہ 100 سے زائد کمپنیوں سے رابطے کیے جا رہے ہیں۔ سندھ کے سینئر صوبائی وزیر اور وزیراطلاعات شرجیل انعام میمن نے کہا کہ انٹرن شپ اور روزگار کے مواقع بڑھانے کی غرض سے 100 سے زائد کمپنیوں کے ساتھ رابطے کیے جا رہے ہیں اور آئی ورک فار سندھ کے ذریعے نوجوانوں کی مہارتوں اور مارکیٹ کی ضروریات میں ہم آہنگی پیدا کی جا رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ آئی ورک فار سندھ پر اب تک 51 لاکھ 90 ہزار سے زائد افراد وزٹ کر چکے ہیں، ایک لاکھ 36 ہزار547 امیدوار رجسٹرڈ ہیں اور 721 کمپنیاں پلیٹ فارم پر موجودہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ ڈجیٹل پلیٹ فارم کے ذریعے اب تک 31 ہزار 270 ملازمتوں کے مواقع پوسٹ کیے جا چکے، 24 ہزار 766 ملازمتیں فعال ہیں۔ شرجیل انعام میمن نے کہا کہ امیدواروں کی جانب سے 4 لاکھ 73 ہزار 339 درخواستیں جمع کرائی جا چکی ہیں اور پلیٹ فارم کے ذریعے نوجوانوں اور آجر اداروں میں رابطے کے نئے مواقع پیدا ہو رہے ہیں۔ انہوں نے بتایا کہ حکومت سندھ روزگار کے ساتھ ساتھ نوجوانوں کی پیشہ ورانہ صلاحیتوں میں اضافے پر بھی توجہ دے رہی ہے۔ صوبائی وزیر کا کہنا تھا کہ آئی ورک فار سندھ پر بین الاقوامی سطح پر تسلیم شدہ 1,800 سے زائد مختصر تربیتی کورسز تک رسائی فراہم کی گئی ہے اور اب تک  4 ہزار 620 امیدوار اپنے کورسز مکمل کر چکے ہیں جبکہ 5 ہزار 789 امیدوار مختلف کورسز میں زیر تربیت ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ پلیٹ فارم پر سرکاری اور نجی شعبے کی ملازمتوں کو خودکار طریقے سے شامل کرنے کا نظام بھی تیار کیا جا رہا ہے، منصوبے کی ابتدائی تیاری اور عمل درآمد کے لیے آئندہ ڈیڑھ سے دو ماہ کی مدت کا منصوبہ بنایا گیا ہے۔ شرجیل انعام میمن نے کہا کہ روزانہ کی بنیاد پر نئی ملازمتوں کے الرٹس کی سہولت بھی متعارف کرانے کی منصوبہ بندی کی جا رہی ہے۔

اگر آپ اس خبر کے بارے میں مزید معلومات حاصل کرنا چاہتے ہیں تو نیچے دیے گئے لنک پر کلک کریں۔

مزید تفصیل