Loading
کراچی کے علاقے ناظم آباد میں ضلعی پولیس اور اسپیشل انویسٹی گیشن یونٹ (ایس آئی یو) کے اہلکاروں کے درمیان جھگڑے کے واقعے کی انکوائری مکمل کرلی گئی ہے،انکوائری رپورٹ میں ایس آئی یو اہلکاروں کے خلاف مقدمہ درج کرنے کی سفارش کی جائے گی۔
پولیس ذرائع کے مطابق ڈی آئی جی ساؤتھ اسد رضا آج ممکنہ طور پر رپورٹ اعلیٰ پولیس حکام کو ارسال کریں گے۔ واقعے کی بدانتظامی پر ضلع وسطی پولیس کے اہلکاروں کو بھی معطل کیے جانے کا امکان ہے۔
پولیس حکام کے مطابق چند روز قبل ملزمان کی گرفتاری کے معاملے پر دونوں پولیس یونٹس کے درمیان جھگڑا ہوا تھا، جس کے دوران ڈی ایس پی شادمان سمیت ایک پولیس اہلکار زخمی ہوگیا۔ ایس آئی یو ٹیم کی سربراہی سب انسپکٹر نور اللہ کررہے تھے۔
پولیس حکام کا کہنا ہے کہ ضلع وسطی پولیس نے پانچ ملزمان کو گرفتار کرلیا ہے جبکہ شارٹ ٹرم اغوا برائے تاوان کے گروہ میں مبینہ طور پر شامل ایک پولیس کانسٹیبل تاحال مفرور ہے۔
اگر آپ اس خبر کے بارے میں مزید معلومات حاصل کرنا چاہتے ہیں تو نیچے دیے گئے لنک پر کلک کریں۔
مزید تفصیل