Loading
ایران کی پاسداران انقلاب نیوی نے ایک بار پھر آبنائے ہرمز کو بند قرار دیتے ہوئے دنیا بھر کے بحری جہازوں کو خبردار کیا ہے کہ جو بھی ضوابط کی خلاف ورزی کرے گا اس کا انجام تباہی ہوگا۔
ایرانی سرکاری خبر ایجنسی ارنا کے مطابق پاسداران انقلاب نیوی نے اپنے بیان میں کہا کہ آبنائے ہرمز سے جہازوں کا گزرنا ممنوع ہے۔ جو جہاز ایرانی قوانین کی خلاف ورزی کریں گے، وہ امریکی دہشتگرد فوج پر بھروسہ کرنے کی آگ میں جل کر راکھ ہوں گے۔
پاسداران انقلاب کے مطابق آج صبح ایک سپر ٹینکر جو 20 لاکھ بیرل سے زائد خام تیل لے کر غیر مجاز راستے سے آبنائے ہرمز عبور کرنے کی کوشش کر رہا تھا وہ بحری بارودی سرنگ سے ٹکرا کر آگ کی لپیٹ میں آ گیا۔
یہ اکیلا واقعہ نہیں، گزشتہ 24 گھنٹوں میں یہ تیسرا یا چوتھا بڑا واقعہ ہے متحدہ عرب امارات سے منسلک ٹینکر 'MT ST 3' دھماکے کے بعد آبنائے ہرمز میں جل اٹھا۔ سعودی ساحل کے قریب دو دیگر ٹینکرز پر بھی حملے 13 اکتوبر کو کنٹینر شپ بھی اسی علاقے میں ڈوبا تھا۔
خیال رہے کہ بھارتی وزارت جہاز رانی نے تصدیق کی ہے کہ 15 بھارتی عملے والے ایک ٹینکر پر بھی میزائل حملہ ہوا، تاہم عملہ محفوظ رہا۔
پاسداران انقلاب کے ترجمان سردار محبی نے کہا تھا کہ آبنائے ہرمز کے کھلا ہونے کا مطلب روزانہ 125 جہاز اور 2 کروڑ بیرل تیل کا گزرنا ہے۔ کیا اب ایسا ہو رہا ہے؟ نہیں۔ اس لیے آبنائے بند ہے۔ امریکہ رات کے اندھیرے میں ایک آدھ جہاز نکال کر کہتا ہے آبنائے کھلی ہے، یہ اسمگلنگ ہے، کھلا ہونا نہیں۔"
آبنائے ہرمز دنیا کا سب سے اہم توانائی کا راستہ ہے، دنیا کا تقریباً 20 فیصد تیل اسی تنگ راستے سے گزرتا ہے۔
انٹرنیشنل میری ٹائم آرگنائزیشن (IMO) نے ایڈوائزری جاری کی ہے کہ غیر ہٹائی گئی بحری سرنگوں کی وجہ سے نیویگیشن غیر محفوظ ہے۔
برطانوی میری ٹائم ادارے نے کہا ہے کہ حملوں کا شکار کئی جہاز تجارتی جرمانوں کے ڈر سے باضابطہ مدد کی کال بھی نہیں کر رہے۔
دوسری جانب امریکہ اور ایران کے درمیان جنگ بندی اور آبنائے ہرمز کو دوبارہ کھولنے کے لیے بیک ڈور مذاکرات جاری ہیں لیکن امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے تہران کی حالیہ پیشکش مسترد کر دی ہے۔
اگر آپ اس خبر کے بارے میں مزید معلومات حاصل کرنا چاہتے ہیں تو نیچے دیے گئے لنک پر کلک کریں۔
مزید تفصیل