Loading
وفاقی تحقیقاتی ادارہ (ایف آئی اے) اینٹی ہیومن ٹریفکنگ سرکل کراچی نے کارروائیوں کے دوران امیگریشن فراڈ کے متاثرین کو وصول کیے گئے 11 لاکھ روپے واپس دلوا دیے، بحرین کا ورک ویزا فراہم کرنے کے نام پر شہری سے لاکھوں روپے وصول کرنے کے الزام میں ایک ملزم کو گرفتار کر لیا گیا۔
ایف آئی اے حکام کے مطابق ایک امیگریشن کنسلٹنٹ نے کینیڈا امیگریشن میں معاونت فراہم کرنے کے نام پر شکایت کنندہ اجمل خان سے 11 لاکھ روپے وصول کیے تھے، ایف آئی اے کی انکوائری اور تفتیش کے دوران مذکورہ رقم برآمد کرکے متاثرہ شہری کو واپس کر دی گئی، جس سے اسے مالی ریلیف فراہم ہوا۔
ترجمان کا کہنا تھا کہ رقم کی واپسی تفتیشی ٹیم کی کوششوں اور شکایت کنندہ کے مالی مفادات کے تحفظ کے لیے کیے گئے اقدامات کے نتیجے میں ممکن ہوئی، معاملے میں قانونی تقاضوں کے مطابق کارروائی عمل میں لائی گئی۔
انہوں نے بتایا کہ دوسری کارروائی میں ایف آئی اے اینٹی ہیومن ٹریفکنگ سرکل کراچی نے انسانی اسمگلنگ کے مقدمے میں ملزم یاسین خان کو گرفتار کر لیا۔
ترجمان ایف آئی اے کے مطابق ملزم کے خلاف پریونشن آف اسمگلنگ آف مائیگرنٹس ایکٹ 2018 کی دفعات 3 اور 4 کے تحت مقدمہ درج ہے۔
ابتدائی تفتیش کے مطابق ملزم نے ایک شہری کو بحرین کا ورک ویزا فراہم کرنے کے عوض مجموعی طور پر 8 لاکھ روپے طے کیے تھے، جن میں سے 5 لاکھ 20 ہزار روپے مبینہ طور پر پیشگی وصول کیے گئے۔
مزید بتایا گیا کہ ویزے سے متعلق شکوک و شبہات کے باعث شہری کو سفر کی اجازت نہیں دی گئی، جس کے بعد اسے ایف آئی اے اینٹی ہیومن ٹریفکنگ سرکل کے حوالے کر دیا گیا۔
ایف آئی اے کے مطابق گرفتار ملزم سے مزید تفتیش جاری ہے، جس کا مقصد معاملے کے حقائق کا تعین کرنے کے ساتھ فراڈ میں ملوث دیگر ممکنہ افراد کی نشان دہی کرنا ہے۔
اگر آپ اس خبر کے بارے میں مزید معلومات حاصل کرنا چاہتے ہیں تو نیچے دیے گئے لنک پر کلک کریں۔
مزید تفصیل