Tuesday, October 20, 2026
 

سندھ پبلک سروس کمیشن میں عمر کی حد اور مواقع بڑھانے کی منظوری

 



سندھ کابینہ نے سندھ پبلک سروس کمیشن میں عمر کی حد اور مواقع بڑھانے سمیت دیگر اصلاحات کی منظوری دے دی۔ ایکسپریس نیوز کے مطابق وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ کی زیرِ صدارت سی ایم ہاؤس میں سندھ کابینہ کا اجلاس ہوا جس میں سندھ پبلک سروس کمیشن میں اصلاحات کی منظوری دی گئی۔ مشترکہ مسابقتی امتحان (سی سی ای) کے لیے عمر کی حد 30 سے بڑھا کر 33 سال کرنے، سی سی ای امتحان میں شرکت کے مواقع تین سے بڑھا کر پانچ کرنے اور سی سی ای 2026 کے اسکریننگ ٹیسٹ میں کامیابی کا کم از کم معیار 40 فیصد سے کم کرکے 33 فیصد کرنے کی منظوری دے دی گئی۔ سندھ کابینہ نے ایک پرچے پر مشتمل امتحانات کے لیے کمپیوٹرائزڈ ٹیسٹنگ متعارف کرانے کا فیصلہ کیا، کمپیوٹرائزڈ امتحانات کے نتائج فوری طور پر پرنٹ کرنے کا نظام متعارف کرایا جائے گا۔ بریفنگ میں بتایا گیا کہ ایس پی ایس سی کے انٹرویو کے نمبروں میں وفاقی پبلک سروس کمیشن کے تناسب کے مطابق نظرثانی کی جائے گی۔ ایس پی ایس سی میں انفارمیشن ٹیکنالوجی اور مصنوعی ذہانت پر مبنی اصلاحات متعارف کرانے کی تجویز دی گئی، ایس پی ایس سی میں اصلاحات کے لیے کابینہ کی اصلاحاتی کمیٹی قائم کرنے کی تجویز دی گئی۔ احتجاج میں حصہ لینے والے امیدواروں کے خلاف انتقامی کارروائی نہ کرنے کی یقین دہانی سے متعلق تجویز دی گئی، انٹرویو کے دوران کسی امیدوار کو مبینہ طور پر نشانہ بنائے جانے کی صورت میں نظرثانی کا طریقۂ کار وضع کرنے کی تجویز دی گئی۔

اگر آپ اس خبر کے بارے میں مزید معلومات حاصل کرنا چاہتے ہیں تو نیچے دیے گئے لنک پر کلک کریں۔

مزید تفصیل