Thursday, October 22, 2026
 

یورپی یونین کا افغانستان کی صورتحال کے سیکیورٹی اثرات پر تشویش کا اظہار

 



پاکستان اور یورپی یونین نے انسداد دہشت گردی تعاون مزید مضبوط کرنے کا اعادہ کرتے ہوئے افغانستان کی صورت حال کے سیکیورٹی اثرات پر تشویش کا اظہار کیا ہے اور دہشت گردی کے خلاف عالمی اتفاق رائے کے لیے مؤثر کثیرالجہتی تعاون ناگزیر قرار دیا۔ ترجمان دفتر خارجہ نے بیان میں کہا کہ پاکستان اور یورپی یونین کے درمیان انسداد دہشت گردی مذاکرات کا دسواں دور اسلام آباد میں ہوا جس میں پاکستانی وفد کی قیادت ڈائریکٹر جنرل انسداد دہشت گردی ڈاکٹر فریحہ بگٹی جبکہ یورپی یونین کے وفد کی قیادت انسداد دہشت گردی کے لیے ایکسٹرنل ایکشن سروس کی خصوصی ایلچی اینا اسٹرزاسکا نے کی۔ انہوں نے بتایا کہ پاکستان اور یورپی یونین نے دہشت گردی کی تمام اقسام کی غیر مبہم الفاظ میں مذمت اور مشترکہ کوششیں جاری رکھنے کے عزم کا اعادہ کیا اور مذاکرات میں دہشت گردی کے خطرات پر اثرانداز ہونے والی علاقائی اور عالمی صورتحال پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ ترجمان کے مطابق یورپی یونین نے پاکستان میں حالیہ دہشت گردی کے حملوں کی مذمت اور متاثرہ بے گناہ شہریوں سے اظہار یک جہتی کرتے ہوئے دہشت گردی کے خلاف پاکستان کی کوششوں کو سراہا اور پاکستانی کردار کی اہمیت تسلیم کرنے کی یقین دہانی کرائی۔ مذاکرات کے دوران پاکستان اور یورپی یونین نے افغانستان کی صورت حال کے سیکیورٹی اثرات پر تشویش کا اظہار کیا اور فریقین نے اقوام متحدہ سمیت کثیرالجہتی فورمز پر انسداد دہشت گردی پر تعاون مضبوط بنانے پر اتفاق کیا۔ ترجمان دفترخارجہ نے بتایا کہ پاکستان اور یورپی یونین نے دہشت گردی کے خلاف عالمی اتفاق رائے کے لیے مؤثر کثیرالجہتی تعاون کو ناگزیر قرار دیا اور مذاکرات میں دہشت گردوں کی جانب سے سائبر اسپیس، اطلاعات اور توانائی کے وسائل کے استعمال سے پیدا ہونے والے نئے خطرات پر بھی غور کیا گیا۔ اس موقع پر پاکستان اور یورپی یونین نے پرتشدد انتہا پسندی، دہشت گردی کی مالی معاونت اور شدت پسندی کی روک تھام کے تجربات کا تبادلہ کیا اور دہشت گردی کے مقاصد کے لیے سائبر اسپیس کے استعمال کی روک تھام کو تعاون کے اہم شعبوں میں شامل کرنے پر اتفاق کیا۔ پاکستان اور یورپی یونین نے انسداد دہشت گردی کے شعبے میں باقاعدہ اور ادارہ جاتی روابط جاری رکھنے کے عزم کا اعادہ کیا۔ ترجمان دفترخارجہ نے بتایا کہ پاکستان اور یورپی یونین کے درمیان انسداد دہشت گردی مذاکرات کا اگلا دور آئندہ سال برسلز میں باہمی رضامندی سے طے شدہ تاریخ پر ہوگا۔

اگر آپ اس خبر کے بارے میں مزید معلومات حاصل کرنا چاہتے ہیں تو نیچے دیے گئے لنک پر کلک کریں۔

مزید تفصیل