Saturday, October 24, 2026
 

خیبرپختونخوا میں گورنر راج کے بعد صفائی مہم تیز، باڑہ میں تجاوزات کے خلاف آپریشن

 



خیبرپختونخوا میں گورنر راج اور ایمرجنسی کے نفاذ کے بعد امن و امان کی بہتری اور عوامی فلاح و بہبود کے لیے مختلف اقدامات جاری ہیں، اس سلسلے میں ڈیرہ اسماعیل خان میں صفائی مہم تیز جبکہ ضلع خیبر کے علاقے باڑہ میں تجاوزات کے خلاف آپریشن کیا گیا۔ صاف ستھرا خیبرپختونخوا مہم کے تحت ڈیرہ اسماعیل خان میں متعلقہ اداروں نے اضافی عملہ اور مشینری تعینات کرکے کچرا اٹھانے اور نالیوں کی صفائی کا عمل تیز کردیا ہے۔ تجارتی مراکز، اہم شاہراہوں اور رہائشی علاقوں میں جاری صفائی مہم کو شہریوں کی جانب سے سراہا جا رہا ہے۔ دوسری جانب ڈپٹی کمشنر خیبر کی ہدایات پر ضلعی انتظامیہ نے باڑہ میں خیبر چوک سے ریڈ مینار اور عالم گودر بائی پاس روڈ تک تجاوزات کے خلاف کارروائی کی۔ آپریشن کے دوران عوامی سہولت اور سڑکوں کی کشادگی کے لیے عارضی اور مستقل تجاوزات مسمار کردی گئیں۔ انتظامیہ کے مطابق تجاوزات کی روک تھام، صفائی ستھرائی اور ٹریفک کی روانی برقرار رکھنے کے لیے متعلقہ ضابطہ کار پر سختی سے عمل درآمد یقینی بنایا جائے گا۔ ادھر جنوبی خیبرپختونخوا، خصوصاً بنوں اور ڈیرہ اسماعیل خان میں پائیدار امن اور ترقی کے لیے منشیات، غیر قانونی اسلحے اور منی لانڈرنگ کے خاتمے کو ضروری قرار دیا گیا ہے۔ علاقے کی جغرافیائی حیثیت، سابق قبائلی علاقوں اور سرحدی قربت کے باعث امن و امان کے مختلف چیلنجز درپیش ہیں۔ غیر قانونی اسلحے کا استعمال خوف و ہراس پھیلانے، منشیات نوجوانوں کے مستقبل کو متاثر کرنے جبکہ منی لانڈرنگ معیشت کو نقصان پہنچانے کا سبب بنتی ہے۔ اس تناظر میں جنوبی خیبرپختونخوا میں امن کے قیام کے لیے متعلقہ اداروں اور عوام کے مشترکہ اقدامات پر زور دیا گیا ہے۔ عوام سے اپیل کی گئی ہے کہ وہ منشیات اور غیر قانونی اسلحے کی تجارت سمیت کسی بھی مشکوک سرگرمی کی اطلاع پولیس کو دیں تاکہ امن و امان کی بہتری، ترقی اور نوجوانوں کو منشیات سے محفوظ رکھنے کے لیے مؤثر اقدامات کیے جاسکیں۔  

اگر آپ اس خبر کے بارے میں مزید معلومات حاصل کرنا چاہتے ہیں تو نیچے دیے گئے لنک پر کلک کریں۔

مزید تفصیل