Saturday, October 24, 2026
 

یمن میں سعودی حملوں میں ایک ہی خاندان کے 5 افراد سمیت 16 شہری جاں بحق؛ ترجمان حوثی

 



یمن کے حوثی گروپ نے دعویٰ کیا ہے کہ سعودی فضائی حملوں میں دارالحکومت صنعا اور ساحلی صوبے الحدیدہ میں ایک ہی خاندان کے پانچ افراد سمیت کم از کم 16 افراد جاں بحق اور متعدد زخمی ہوگئے ہیں۔ حوثیوں کے زیرِ انتظام ٹیلی وژن چینل ’المسیرہ‘ کے مطابق ایک رہائشی مکان پر سعودی فضائی حملے میں خاندان کا سربراہ، اس کے دو بچے اور دو بیویاں جاں بحق ہونے والوں میں شامل ہیں۔ حملے میں خاندان کی ایک بیٹی زخمی بھی ہوئی۔ دوسری جانب حوثی میڈیا نے دارالحکومت صنعا اور اس کے گردونواح میں سعودی عرب کے دیگر فضائی حملوں میں مزید 11 افراد کی ہلاکت کی اطلاع بھی دی۔ اس طرح مجموعی ہلاکتیں 16 ہوگئیں۔ رپورٹ کے مطابق صنعا میں ایک رہائشی مکان پر حملے میں کم از کم چار افراد جاں بحق جبکہ متعدد زخمی ہوئے۔ ایک اور فضائی حملے میں سیمنٹ فیکٹری کے کارکنوں کی رہائشی عمارت کو نشانہ بنایا گیا، جہاں چھ خواتین اور ایک بچہ جاں بحق جبکہ تین افراد زخمی ہوگئے۔ حوثیوں کا کہنا ہے کہ وہ سعودی عرب میں آئل تنصیبات اور ہوائی اڈوں کو نشانہ اس لیے بنارہے ہیں کہ سعودی اتحادی افواج نے یمن میں محاصرہ کر رکھا ہے اور حوثیوں کو تسلیم کرنے کے بجائے مسلسل نشانہ بنا رہے ہیں۔ یمن میں جاری تنازع نے پہلے ہی ملک کو شدید انسانی بحران سے دوچار کر رکھا ہے۔ تازہ حملوں کے بعد شہریوں کی سلامتی اور خطے میں کشیدگی مزید بڑھنے کے خدشات پیدا ہوگئے ہیں۔ واضح رہے کہ حوثیوں نے باب المندب میں سعودی بحریہ کی ناکہ بندی کر رکھی ہے اور آئل تنصیبات کو نشانہ بنارہے ہیں جبکہ آبنائے ہرمز میں ایرانی بندش سے جہاز رانی معطل ہے اور یوں دنیا میں پیٹرول کی قیمتیں آسمان سے باتیں کر رہی ہیں۔  

اگر آپ اس خبر کے بارے میں مزید معلومات حاصل کرنا چاہتے ہیں تو نیچے دیے گئے لنک پر کلک کریں۔

مزید تفصیل