Saturday, October 24, 2026
 

ایرانی سپریم لیڈر مجتبیٰ خامنہ ای کی عدلیہ کے سربراہ سے اہم ملاقات

 



ایران کے سپریم لیڈر مجتبیٰ خامنہ ای نے ملک کے چیف جسٹس غلام حسین محسنی اژه ای سے اہم ملاقات کی ہے۔ خبر رساں ادارے کی ویب سائٹ میزان آن لائن کے مطابق یہ ملاقات ہفتے کے روز ہوئی تاہم حکام نے اس کے مقام اور وقت کی تفصیلات جاری نہیں کیں۔ دونوں رہنماؤں نے عوامی حقوق کے تحفظ، بدعنوانی کے خلاف مؤثر کارروائی اور اس عمل میں حائل رکاوٹوں کو دور کرنے پر گفتگو کی۔ اس کے علاوہ امریکا اور اسرائیل کی کارروائیوں کے نتیجے میں ہونے والے مالی اور اخلاقی نقصانات کے ازالے اور متاثرین کے حقوق کی بحالی کے معاملات بھی زیر بحث آئے۔ مجتبیٰ خامنہ ای نے مارچ 2026 میں اپنے والد آیت اللہ علی خامنہ ای کی جگہ ایران کی قیادت سنبھالی تھی۔ ان کے والد امریکا اور اسرائیل کے حملوں میں شہید ہوئے تھے۔ نئے سپریم لیڈر کے بارے میں ایرانی ذرائع ابلاغ نے بتایا تھا کہ وہ بھی اسی حملے میں زخمی ہوئے تھے۔ عہدہ سنبھالنے کے بعد مجتبیٰ خامنہ ای اب تک عوامی سطح پر سامنے نہیں آئے۔ ان کی جانب سے زیادہ تر تحریری پیغامات جاری کیے گئے ہیں جن میں سے بعض ایرانی ذرائع ابلاغ نے ان کی طرف منسوب تحریر کے طور پر شائع کیے۔ اب تک ان کا کوئی ویڈیو پیغام بھی جاری نہیں کیا گیا۔ اس سے قبل ایرانی صدر مسعود پزشکیان اور پارلیمنٹ کے اسپیکر محمد باقر قالیباف کی بھی سپریم لیڈر سے ملاقاتوں کی اطلاعات سامنے آچکی ہیں۔ ایرانی حکام نے ان ملاقاتوں کی تفصیلات محدود پیمانے پر جاری کی ہیں۔ مجتبیٰ خامنہ ای کی مسلسل غیر موجودگی کے باعث ان کی صحت اور حکومتی امور میں براہ راست شرکت کے حوالے سے سوالات اٹھتے رہے ہیں، تاہم تازہ ملاقات کے اعلان میں ان کی صحت سے متعلق کوئی نئی تفصیل نہیں دی گئی۔

اگر آپ اس خبر کے بارے میں مزید معلومات حاصل کرنا چاہتے ہیں تو نیچے دیے گئے لنک پر کلک کریں۔

مزید تفصیل