Monday, October 26, 2026
 

سبی میں لڑائی جھگڑے کے دوران ایک شخص، کوئٹہ میں فائرنگ سے 3 افراد جاں بحق

 



سبی کے علاقے لونی روڈ پر براہمانی ڈومکی کے دو گروپوں کے درمیان لڑائی کے نتیجے میں ایک شخص جاں بحق جبکہ 6 افراد زخمی ہوگئے۔ تفصیلات کے مطابق زخمیوں میں مختیار احمد ولد عادل، شبیر احمد ولد رحمت خان، ندیم ولد علی محمد، نادر علی ولد بھاول، مراد بخش ولد محمد خان اور بشام ولد محمد خان شامل ہیں، جبکہ طالب حسین ولد بشام جاں بحق ہوگیا۔ پولیس نے زخمی افراد اور لاش کو اسپتال منتقل کر دیا جبکہ مزید کارروائی جاری ہے۔ دوسری جانب، کوئٹہ کے علاقے سبزال روڈ پر پوڈ گلی چوک کے قریب فائرنگ کے واقعے میں تین افراد جاں بحق جبکہ ایک شخص زخمی ہوگیا۔ پولیس کے مطابق واقعہ مبینہ طور پر مالی تنازع کے باعث پیش آیا، جہاں ہاشم نامی شخص نے مبینہ طور پر دوسرے گروپ پر فائرنگ کی جس کے نتیجے میں منظور ولد محمد صدیق، باسط ولد محمد صادق اور محمد صادق ولد محمد صدیق جاں بحق جبکہ حسیب ولد محمد صادق زخمی ہوگیا۔ جاں بحق ہونے والے دو افراد کی لاشیں بی ایم سی اسپتال جبکہ ایک لاش اور زخمی کو سول اسپتال کوئٹہ منتقل کر دیا گیا۔ پولیس کے مطابق جاں بحق اور زخمی ہونے والے چاروں افراد کا تعلق مری قبیلے سے ہے اور وہ سبزال روڈ کوئٹہ کے رہائشی ہیں۔ واقعے کے بعد پولیس نے تحقیقات شروع کر دیں، جبکہ فائرنگ کے محرکات اور واقعے میں ملوث ملزم سے متعلق مزید کارروائی جاری ہے۔

اگر آپ اس خبر کے بارے میں مزید معلومات حاصل کرنا چاہتے ہیں تو نیچے دیے گئے لنک پر کلک کریں۔

مزید تفصیل