Loading
وزیراعظم شہباز شریف نے کہا ہے کہ پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافے سے عوام پر پڑنے والے بوجھ کا پوری طرح احساس ہے، مالی استطاعت کے مطابق حکومت عوام کو ریلیف فراہم کررہی ہے اور کرتی رہے گی۔
یہ بات انہوں ںے جماعت اسلامی کے وفد سے ملاقات میں کہی۔ وفد کی قیادت امیر جماعت اسلامی حافظ نعیم الرحمٰن نے کی۔ وفد میں جماعت اسلامی کے رہنما لیاقت بلوچ، سید فراست شاہ، نصر اللہ رندھاوا اور عنایت اللہ شامل تھے۔
ملاقات میں نائب وزیراعظم اسحاق ڈار، وزیر منصوبہ بندی احسن اقبال، وفاقی وزیر اقتصادی امور احد چیمہ، وزیر خزانہ محمد اورنگزیبم وزیر پیٹرولیم علی پرویز ملک، مشیر وزیراعظم رانا ثناءاللہ ، وزیر مملکت خزانہ بلال اظہر کیانی بھی موجود تھے۔
وزیراعظم نے پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں کے حوالے سے جماعت اسلامی کی جانب سے مذاکرات کا راستہ اختیار کرنے پر وفد کا شکریہ ادا کیا جب کہ جماعت اسلامی کے وفد نے پٹرولیم لیوی کے خاتمے اور عوام کے ریلیف کیلئے اپنے موقف کا اظہار کیا۔
وزیراعظم نے کہا کہ انہیں پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافے سے عوام پر پڑنے والے بوجھ کا پوری طرح احساس ہے، حکومت علاقائی بحران کے حل کے لئے بھرپور سفارتی کوششیں کر رہی ہے تاکہ صورتحال معمول پہ آ سکے، موجودہ بحران کا تعلق حکومتی پالیسیوں سے نہیں بلکہ علاقائی اور بین الاقوامی حالات کے پیش نظر تیل کی قیمتوں میں اضافے سے ہے تاہم مالی استطاعت کے مطابق حکومت عوام کو ریلیف فراہم کر رہی ہے اور کرتی رہے گی۔
وزیراعظم نے وفد کو کم آمدن طبقے کے لئے پیٹرولیم مصنوعات کی مد میں حکومت کی جانب سے اب تک فراہم کی گئی ریلیف کی تفصیل سے آگاہ کیا اور مطلع کیا کہ اب تک ایک کروڑ ستائس لاکھ افراد اس اسکیم میں رجسٹر ہو چکے ہیں۔
ملاقات میں اتفاق ہوا کہ حکومت اور جماعت اسلامی کے تین تین اراکین پر مشتمل کمیٹی مندرجہ ذیل اقدامات پر حتمی سفارشات پیش کرے گی:
1. عوام کیلئے پٹرول پر جاری ریلیف اسکیم کا دائرہ کار بڑھایا جائے تاکہ زیادہ سے زیادہ مستحق عوام اس سے فائدہ اٹھا سکیں۔
2. پٹرولیم لیوی میں مرحلہ وار کمی کیلئے بجٹ کے لئے قابل عمل تجاویز مرتب کی جائیں۔
وزیراعظم نے حکومت کی طرف سے نائب وزیراعظم اسحاق ڈار، وزیر منصوبہ بندی احسن اقبال اور مشیر وزیر اعظم رانا ثناءاللہ کو نامزد کیا۔
اگر آپ اس خبر کے بارے میں مزید معلومات حاصل کرنا چاہتے ہیں تو نیچے دیے گئے لنک پر کلک کریں۔
مزید تفصیل