Loading
وزارت خزانہ نے ماہانہ اکنامک اپ ڈیٹ آوٴٹ لک رپورٹ جاری کردی جس میں رواں مالی سال کے دوران ملک میں معاشی بحالی کی توقع جبکہ اکتوبر میں مہنگائی کی شرح ساڑھے 9سے ساڑھے 10فیصد رہنے کی پیش گوئی ہے۔
ایکسپریس نیوز کے مطابق وزارت خزانہ کی جانب سے جاری کردہ ماہانہ اکنماک اپ ڈیٹ آوٹ لک رپورٹ کے مطابق پاکستان میں مالی سال 27-2026 کے دوران معاشی بحالی کی توقع ہے،زرعی پیداوار میں بہتری سے معیشت کو سہارا ملنے کا امکان ہے۔
آؤٹ لک کے مطابق فصلوں کی بہتر پیداوار سے دیہی آمدنی اور کاروبار میں اضافے کی توقع ہے جبکہ ماہ اکتوبر 2026 میں مہنگائی کی شرح 9.5 سے 10.5 فیصد رہنے کا امکان ہے، آئندہ مہنگائی کا انحصارعالمی توانائی کی قیمتوں اور خوراک کی فراہمی پر ہوگا۔
رپورٹ کے مطابق ٹیکس نظام میں بہتری اورتوانائی کی بچت سے پائیدارمعاشی ترقی میں مدد ملے گی، جبکہ سرکاری اداروں کی اصلاحات سے معیشت کو بہتر بنانے میں مدد ملنے کی توقع ہے۔ فوڈ پروسیسنگ کی صنعت کو زرعی پیداوار میں اضافے سے فائدہ ہوگا، تعمیراتی سرگرمیوں میں اضافے سے معاشی سرگرمیاں بڑھنے کی توقع ہے۔
آؤٹ لک کے مطابق چند بڑی صنعتوں میں پیداوار بڑھنے کا امکان ہے، مشینری کی درآمد سے ملکی پیداواری صلاحیت میں اضافے کی توقع ہے بیرون ملک سے ترسیلات زر اور سروسزکی برآمدات میں اضافے کا امکان ہے۔
محکمہ خزانہ کے مطابق ترسیلات زرمیں اضافہ ملکی آمدنی اور زرمبادلہ کے ذخائر کے لیے مددگار ہوگا، زرمبادلہ کے مضبوط ذخائر سے معیشت کو سہارا مل رہا ہے، حکومت کی توجہ ٹیکس وصولی بڑھانے اور اخراجات پر قابو رکھنے پر مرکوز ہے رپورٹ میں کمزور اور کم آمدنی والے طبقوں کی مدد کے لیے اقدامات جاری رکھنے پر زور دیا گیا ہے۔
آؤٹ لک کے مطابق بجٹ سرپلس ملکی معیشت کے استحکام کے لیے مثبت پیش رفت ہے، صنعتی پیداوار میں بہتری یکساں نہیں، مختلف شعبوں کی کارکردگی مختلف ہے، ستمبر میں مہنگائی کی شرح میں کمی ریکارڈ کی گئی ہے۔
اگر آپ اس خبر کے بارے میں مزید معلومات حاصل کرنا چاہتے ہیں تو نیچے دیے گئے لنک پر کلک کریں۔
مزید تفصیل