Wednesday, November 04, 2026
 

اکتوبر گزشتہ 66 سالوں کے دوران ملک کا چھٹا گرم ترین اکتوبر قرار

 



اکتوبر 2026 کو گزشتہ 66 سال کے دوران ملک کا چھٹا گرم ترین اکتوبر قرار دے دیا گیا، گزشتہ ماہ ملک کا اوسط درجہ حرارت 25.2 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا۔ پاکستان محکمہ موسمیات نے اکتوبر 2026 کی ماہانہ موسمیاتی رپورٹ جاری کر دی جس کے مطابق اکتوبر 2026 میں ملک کا اوسط درجہ حرارت معمول سے 1.2 ڈگری سینٹی گریڈ زیادہ ریکارڈ کیا گیا۔ اکتوبر میں رات کا اوسط درجہ حرارت معمول سے 2.3 ڈگری سینٹی گریڈ زیادہ رہا، جس کے باعث گزشتہ 66 سال میں اکتوبر 2026 تیسری گرم ترین راتوں والا مہینہ رہا۔ اکتوبر میں دن کا اوسط زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت 32.1 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا۔ محکمہ موسمیات کے مطابق اکتوبر کے دوران ملک میں اوسط بارش 9.2 ملی میٹر ریکارڈ کی گئی۔ بلوچستان کا ضلع تربت ملک کا گرم ترین مقام رہا، جہاں درجہ حرارت 44 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا جبکہ سندھ کا شہر مٹھی اکتوبر کے دوران گرم ترین مقام رہا، جہاں اوسط زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت 39 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ ہوا۔ گلگت بلتستان کا شہر اسکردو اکتوبر میں ملک کا سرد ترین مقام رہا، جہاں اوسط کم سے کم درجہ حرارت 6.2 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا جبکہ اکتوبر کی سرد ترین رات درجہ حرارت منفی 1.2 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کی گئی۔ پنجاب کے علاقے نورپور تھل میں اکتوبر کی سب سے زیادہ یومیہ بارش 48 ملی میٹر ریکارڈ کی گئی جبکہ پشاور اکتوبر کے دوران ملک کا سب سے زیادہ بارش والا شہر رہا، جہاں مجموعی بارش 96.1 ملی میٹر ریکارڈ کی گئی۔ واضح رہے کہ ملک میں النینو کی صورتحال برقرار ہے اور بحرالکاہل میں سمندری سطح کا درجہ حرارت معمول سے 2.8 ڈگری سینٹی گریڈ زیادہ ہے۔ محکمہ موسمیات کے مطابق بحر ہند میں انڈین اوشین ڈائی پول مثبت مرحلے میں داخل ہوگیا ہے۔

اگر آپ اس خبر کے بارے میں مزید معلومات حاصل کرنا چاہتے ہیں تو نیچے دیے گئے لنک پر کلک کریں۔

مزید تفصیل