Loading
تیمرگرہ: وفاقی وزیر برائے امور کشمیر، گلگت بلتستان انجینئر امیر مقام نے کہا ہے کہ پی ٹی آئی دہشت گردوں کی سہولت کاری نہ کرتی تو صوبے میں گورنر راج اور ایمرجنسی نہ لگانی پڑتی، عوام پی ٹی آئی کے ساتھ کھڑے نہیں ہوئے کیونکہ پی ٹی آئی نے عوام کو دہشت گردوں سے تحفظ نہیں دیا۔
ان خیالات کا اظہار انہوں نے اتوار کو بٹ خیلہ، ضلع ملاکنڈ میں جلسہ عام سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ وفاقی وزیر و صوبائی صدر مسلم لیگ (ن) خیبر پختونخوا انجینئر امیر مقام کی قیادت میں خیبر پختونخوا میں پی ٹی آئی کی 14 سالہ حکومت کے خاتمے کی خوشی میں تحصیل بٹ خیلہ، ضلع ملاکنڈ میں پاکستان مسلم لیگ (ن) کی جانب سے "یومِ نجات" کے طور پر ایک بڑا جلسہ عام منعقد کیا جس میں پارٹی کے ہزاروں کارکنوں اور لوگوں نے شرکت کی۔
جلسہ عام سے خطاب کرتے ہوئے وفاقی وزیر نے کہا کہ پی ٹی آئی کا اقتدار کرپشن کا راج تھا، صوبے میں اقتدار کے تیرہ سال کا حساب لیں گے، پی ٹی آئی کے جانے سے صوبے میں امن، ترقی اور خوشحالی آئے گی، امن، ترقی اور وسائل اب عوام کو ملیں گے۔
وفاقی وزیر نے کہا کہ پی ٹی آئی دہشت گردوں کی سہولت کاری نہ کرتی تو صوبے میں گورنر راج اور ایمرجنسی نہ لگانا پڑتی، عوام پی ٹی آئی کے ساتھ کھڑے نہیں ہوئے کیونکہ پی ٹی آئی نے عوام کو دہشت گردوں سے تحفظ نہیں دیا ہم خیبر پختونخوا کے عوام کو امن، تحفظ، ترقی اور خوش حالی دیں گے۔
انجینئر امیر مقام نے کہا کہ فوج، پولیس اور سکیورٹی ادارے شہادتیں دیں اور صوبائی حکومت دہشت گردوں کی ترجمانی کرے تو یہ نہیں ہوسکتا، دہشت گردوں کو بھتہ دینے والے دہشت گردوں سے عوام کا تحفظ نہیں کر سکتے تھے، تیرہ سال میں صرف پی ٹی آئی کے لیڈر امیر ہوئے، خیبر پختونخوا کے غیور عوام غریب ہو گئے۔ جو ایک بی آر ٹی، ایک اسپتال ٹھیک طرح بنا سکے نہ چلا سکے وہ صوبہ کیسے چلا سکتے تھے؟
وفاقی وزیر ے کہا کہ مولانا جنہیں صیہونی ایجنٹ کہتے تھے آج ان کی زبان بول رہے ہیں۔ خیبر پختونخوا کے عوام اب کھوکھلے نعروں اور سوشل میڈیا کے پروپیگنڈے کے بجائے امن، ترقی اور عملی اقدامات چاہتے ہیں۔ تیرہ سال تک صوبے میں اقتدار میں رہنے کے باوجود پی ٹی آئی عوام کو بنیادی مسائل سے نجات دلانے اور صوبے کو ترقی کی راہ پر گامزن کرنے میں ناکام رہی۔
اس موقع پر رکن صوبائی اسمبلی طارق اعوان، پاکستان مسلم لیگ (ن) کے صوبائی نائب صدر ایصال خان، ضلع مالاکنڈ کے صدر سجاد احمد خان، جنرل سیکرٹری گل زمان خان، تحصیل صدر بٹ خیلہ جاوید الیف خان، سٹی صدر ایڈووکیٹ علی محمد خان، یوتھ کوآرڈینیٹر مالاکنڈ ارشد علی اور وکیل احمد خان ودیگر پارٹی رہنما و عہدیداران بھی موجود تھے۔,
اگر آپ اس خبر کے بارے میں مزید معلومات حاصل کرنا چاہتے ہیں تو نیچے دیے گئے لنک پر کلک کریں۔
مزید تفصیل