Loading
غزہ کی پٹی میں اسرائیلی فوج کی فضائی کارروائیوں اور فائرنگ کے نتیجے میں کم از کم 7 فلسطینی شہید ہوگئے، جن میں ایک باپ اور اس کا 13 سالہ بیٹا بھی شامل ہیں۔
دوسری جانب اقوام متحدہ کے ادارے یونیسیف نے خبردار کیا ہے کہ بارشوں کے دوران غزہ میں تباہ حال نکاسیٔ آب کا نظام مزید خطرناک صورت اختیار کرسکتا ہے، جس سے لاکھوں بے گھر افراد کو سیلاب اور بیماریوں کا سامنا ہوسکتا ہے۔
خبر رساں ادارے رائٹرز کے مطابق مقامی طبی حکام نے بتایا کہ منگل کو غزہ شہر کے علاقے زیتون میں بے گھر افراد کے ایک عارضی پناہ گاہ کی چھت پر اسرائیلی فضائی حملے کے نتیجے میں فادی رجب اور ان کا 13 سالہ بیٹا ابوبکر شہید ہوگئے۔
طبی حکام کے مطابق غزہ شہر کے علاقے درج میں ایک اسکول کے قریب اسرائیلی فضائی حملے سے ایک اور فلسطینی جاں بحق ہوا، جبکہ جنوبی غزہ کے شہر خان یونس میں اسرائیلی فائرنگ سے ایک شخص شہید ہوگیا۔
بعد ازاں غزہ شہر کے علاقے صبرا میں ایک دھاتی کارخانے کو اسرائیلی فضائی حملے کا نشانہ بنایا گیا، جس کے نتیجے میں مزید تین افراد جاں بحق ہوئے۔ اس طرح منگل کو غزہ میں شہادتوں کی تعداد کم از کم سات ہوگئی۔
ادھر مقبوضہ مغربی کنارے کے علاقے برقہ میں اسرائیلی فوج کی فائرنگ سے 14 سالہ فلسطینی معتز ایاد دغلس بھی شہید ہوگیا۔ فلسطینی وزارتِ صحت کے مطابق یہ واقعہ پیر کی رات نابلس کے شمال مغرب میں پیش آیا۔
فلسطینی ہلالِ احمر کے مطابق اس کے طبی عملے نے فائرنگ سے زخمی ہونے والے دو افراد کو اسپتال منتقل کیا، تاہم اسرائیلی فوج نے ایک تیسرے زخمی تک رسائی روک دی اور تین رضاکار طبی کارکنوں کو حراست میں لے لیا۔
اسرائیلی فوج کا کہنا ہے کہ اس کے اہلکاروں نے اسرائیلی گاڑیوں پر پتھر پھینکنے کی کوشش کرنے والے فلسطینیوں کو روکنے کے لیے فائرنگ کی تھی۔
اقوام متحدہ کے بچوں کے ادارے یونیسیف نے خبردار کیا ہے کہ اسرائیل نے غزہ میں پانی کے ایک بڑے ذخیرے کی مرمت کے لیے درکار سامان کی درآمد مسترد کردی ہے، جس کے باعث شدید بارشوں میں اس کے بھر جانے اور قریبی آبادیوں میں سیلاب کا خطرہ ہے۔
یونیسیف کے مطابق غزہ شہر کا شیخ رضوان بارش کے پانی کا ذخیرہ گندے پانی سے آلودہ ہوچکا ہے اور بارشوں کے دوران اس کے لبریز ہونے کا خدشہ ہے۔ ادارے کے ترجمان جیمز ایلڈر نے جنیوا میں صحافیوں کو بتایا کہ یونیسیف اسرائیلی حکام اور امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے بورڈ آف پیس کے ساتھ تقریباً ایک سال سے اس منصوبے پر کام کر رہا تھا، جس پر 30 لاکھ ڈالر لاگت آنی تھی، تاہم اسرائیلی فوج کے ادارے کوگیٹ نے گزشتہ چند روز میں اس منصوبے کو مسترد کردیا۔
یونیسیف کے مطابق ذخیرے سے زہریلا اور آلودہ پانی سڑکوں اور خیموں میں داخل ہوسکتا ہے، جس سے بچوں اور خاندانوں کو دوبارہ اپنے عارضی ٹھکانے چھوڑنے پڑسکتے ہیں اور بیماریوں کا خطرہ بڑھ جائے گا۔
رپورٹ کے مطابق حالیہ شدید بارشوں سے غزہ میں بے گھر فلسطینیوں کے ہزاروں خیمے زیرِ آب آگئے ہیں۔ ایک واقعے میں ریت کا بند گرنے سے چار افراد، جن میں تین کم عمر بچے شامل تھے، جاں بحق ہوگئے۔
عالمی ادارہ صحت کے ترجمان کرسچن لِنڈمائر نے خبردار کیا ہے کہ غزہ میں سیلاب، ناقص صفائی اور صحت و پانی کی ناکافی سہولتوں کے باعث متعدی بیماریوں کا خطرہ بڑھ رہا ہے۔ ان کے مطابق غزہ میں تقریباً 10 لاکھ بے گھر افراد کو درمیانے یا شدید درجے کے سیلابی خطرات کا سامنا ہے۔
رپورٹ کے مطابق گزشتہ سال امریکا کی ثالثی میں ہونے والی جنگ بندی میں غزہ کی تعمیرِ نو کا وعدہ کیا گیا تھا، تاہم حماس کو غیر مسلح کرنے اور اسرائیلی فوج کے انخلا کی شرائط پر اختلافات کے باعث اس عمل میں خاطر خواہ پیش رفت نہیں ہوسکی۔
اگر آپ اس خبر کے بارے میں مزید معلومات حاصل کرنا چاہتے ہیں تو نیچے دیے گئے لنک پر کلک کریں۔
مزید تفصیل