Loading
امریکا میں ہونے والی ایک نئی تحقیق میں انکشاف ہوا ہے کہ مصنوعی ذہانت (اے آئی) کے ٹولز سوشل میڈیا پر دستیاب معلومات استعمال کرکے افراد کو نشانہ بنانے والے انتہائی قابلِ یقین جعلی پیغامات تیار کر سکتے ہیں۔
تحقیق کے مطابق اے آئی ماڈلز صارفین کی دلچسپیوں، روزمرہ سرگرمیوں، سفری تجربات، تصاویر اور سماجی تعلقات کا تجزیہ کرکے ذاتی نوعیت کے فشنگ پیغامات بنا سکتے ہیں۔
مثال کے طور پر کسی شخص کو ایسے ہوٹل کی جانب سے خصوصی پیشکش یا کسی کنسرٹ کے بارے میں اطلاع بھیجی جا سکتی ہے جس میں اس نے پہلے دلچسپی ظاہر کی ہو۔
یونیورسٹی آف ٹیکساس، آرلنگٹن اور لوزیانا اسٹیٹ یونیورسٹی کے محققین نے اس تحقیق کو کانٹیکسچوئل فشنگ کا نام دیا ہے۔
محققین نے انسٹاگرام کے 200 صارفین کے عوامی اکاؤنٹس کا جائزہ لیا اور معلوم کیا کہ ہر صارف کی تقریباً 10 پوسٹس بھی ذاتی نوعیت کے جعلی پیغامات تیار کرنے کے لیے کافی معلومات فراہم کر سکتی ہیں۔
تحقیق کے دوران مصنوعی ذہانت کے مختلف ماڈلز کی مدد سے تقریباً 18 ہزار پیغامات تیار کیے گئے۔
ان پیغامات کو آٹھ پیمانوں پر جانچا گیا جن میں ذاتی معلومات سے مطابقت، قابلِ یقین ہونے کا تاثر، اثر انگیزی اور جذباتی اثرات شامل تھے۔
نتائج کے مطابق ایسے پیغامات روایتی فشنگ حملوں کے مقابلے میں زیادہ حقیقی اور کم مشکوک محسوس ہو سکتے ہیں جبکہ بعض حفاظتی ٹولز انہیں شناخت کرنے میں بھی ناکام رہے۔
محققین نے خبردار کیا ہے کہ سوشل میڈیا پر عوامی طور پر شیئر کی جانے والی معمول کی معلومات بھی سائبر جرائم پیشہ عناصر کے لیے خطرہ بن سکتی ہیں۔
اگر آپ اس خبر کے بارے میں مزید معلومات حاصل کرنا چاہتے ہیں تو نیچے دیے گئے لنک پر کلک کریں۔
مزید تفصیل