Loading
جنوبی پنجاب کے ضلع راجن پور کی تحصیل روجھان کے قبائلی علاقے میں نایاب گدھوں کی دو اقسام کے تقریباً 9 پرندے دیکھے گئے ہیں۔
وائلڈ لائف رینجرز کے مطابق ہمالین گریفن اور سنیرئس نسل کے یہ گدھ قدرتی مسکن میں موجود ہیں۔ محکمہ جنگلی حیات نے ان پرندوں کی نقل و حرکت اور قیام کی نگرانی شروع کر دی ہے۔
محکمہ جنگلی حیات کے مطابق گزشتہ ایک سال کے دوران جنوبی پنجاب کے مختلف علاقوں میں بھی گدھوں کی موجودگی وقفے وقفے سے رپورٹ ہوئی ہے۔
روجھان میں حالیہ مشاہدہ اس حوالے سے اہم ہے کہ علاقے میں بیک وقت گدھوں کے تقریباً 9 پرندے دیکھے گئے ہیں۔ تاہم اس مشاہدے کو ان کی مستقل واپسی یا افزائش نسل کا ثبوت قرار دینے کے لیے مزید نگرانی اور سائنسی شواہد درکار ہوں گے۔
پنجاب میں گدھوں کی آبادی میں نمایاں کمی کی ایک بڑی وجہ مویشیوں کے علاج میں استعمال ہونے والی دوا ڈائیکلوفینک تھی۔ سائنسی تحقیقات کے مطابق اس دوا کے اثرات رکھنے والے مردہ جانوروں کی باقیات کھانے سے گدھوں کے گردے ناکارہ ہو جاتے تھے اور بڑی تعداد میں ان کی ہلاکتیں ہوئیں۔
پاکستان میں اس دوا کے ویٹرنری استعمال پر 2006 میں پابندی عائد کی گئی، تاہم دیگر زہریلی ادویات، آلودہ خوراک اور قدرتی مساکن کو لاحق خطرات بھی ان کی بقا کے لیے چیلنج ہیں۔
پاکستان میں گدھوں کی معدوم ہوتی آبادی کے تحفظ کے لیے چھانگا مانگا کے جنگل میں خصوصی افزائشی مرکز بھی کام کر رہا ہے، جسے ڈبلیو ڈبلیو ایف پاکستان نے اپنے شراکت داروں کے ساتھ قائم کیا تھا۔
اس مرکز میں سفید پشت والے گدھوں کی محفوظ افزائش کی جاتی ہے تاکہ ان کی آبادی میں اضافہ کرکے مستقبل میں انہیں قدرتی ماحول میں دوبارہ آباد کیا جا سکے۔ ڈبلیو ڈبلیو ایف کے مطابق 2024 میں اس مرکز میں تین نئے بچے بھی پیدا ہوئے تھے۔
ماہرین کے مطابق گدھ قدرتی ماحول میں مردہ جانوروں کی باقیات تلف کرکے صفائی برقرار رکھنے اور بعض بیماریوں کے پھیلاؤ کو محدود کرنے میں اہم کردار ادا کرتے ہیں۔
ان کی تعداد میں کمی سے قدرتی ماحولیاتی نظام متاثر ہوتا ہے، اس لیے ان کے تحفظ کے لیے محفوظ خوراک، زہریلی ادویات کے استعمال کی روک تھام اور قدرتی مساکن کا تحفظ ضروری ہے۔
اگر آپ اس خبر کے بارے میں مزید معلومات حاصل کرنا چاہتے ہیں تو نیچے دیے گئے لنک پر کلک کریں۔
مزید تفصیل