Loading
شہر قائد میں کلاکوٹ پولیس نے بڑی کارروائی کرتے ہوئے لیاری گینگ وار کے مقتول سرغنہ ارشد پپو کے بھتیجے اذان اور اس کے ساتھی یحییٰ کو گرفتار کرلیا۔
پولیس کے مطابق گرفتار ملزمان سے ہینڈ گرنیڈ اور پستول بھی برآمد ہوئے ہیں، جبکہ دونوں ٹارگٹ کلنگ، اغوا برائے تاوان، بھتہ خوری اور دیگر سنگین جرائم کی وارداتوں میں ملوث رہے ہیں۔
پولیس حکام کے مطابق گرفتار ملزم اذان 22 مارچ 2022 کو پولیس انسپکٹر چاند خان نیازی اور عبدالرحمان کے سرعام قتل میں ملوث تھا۔
اس واردات میں ارشد پپو کا بیٹا عالم بھی شریک تھا، جو موٹرسائیکل چلا رہا تھا جبکہ اذان اس کے پیچھے بیٹھا تھا۔ واقعے کی سی سی ٹی وی فوٹیج بھی سامنے آئی تھی۔
پولیس کے مطابق ارشد پپو کے بیٹے عالم کو سندھ رینجرز نے واردات کے چند گھنٹوں بعد گرفتار کرلیا تھا، جبکہ دوسرا ملزم اذان پڑوسی ملک ایران فرار ہوگیا تھا۔
اب اسے ساتھی سمیت گرفتار کرلیا گیا ہے۔ دونوں ملزمان 2022 میں انسپکٹر چاند خان نیازی کے قتل کے مقدمے میں مفرور اور اشتہاری تھے۔
پولیس کا مزید کہنا ہے کہ گرفتار ملزمان لیاری گینگ وار کے سرغنہ عزیر بلوچ کے بھائی زبیر سٹے کے قتل کے مقدمے میں بھی ملوث ہیں۔ ان کے خلاف گلشن اقبال، بلال کالونی، خواجہ اجمیر نگری اور پریڈی تھانوں میں قتل، دہشت گردی، ڈکیتی سمیت سنگین جرائم کے مقدمات درج ہیں۔
گرفتار ملزمان سے مزید تفتیش جاری ہے، جس کے دوران ان کے دیگر ساتھیوں اور گینگ وار کے نیٹ ورک سے متعلق معلومات حاصل کی جارہی ہیں۔
اگر آپ اس خبر کے بارے میں مزید معلومات حاصل کرنا چاہتے ہیں تو نیچے دیے گئے لنک پر کلک کریں۔
مزید تفصیل