Wednesday, November 11, 2026
 

صوبائی اختیارات کے حامل محکموں پر 5 ہزار ارب سے زائد خرچ

 



سینیٹ کی فنکشنل کمیٹی برائے ڈیولوشن کی ذیلی کمیٹی نے انکشاف کیاہے کہ وفاقی حکومت نے 18ویں آئینی ترمیم کے بعدگزشتہ 16 برس کے دوران صوبائی دائرہ اختیار میں آنیوالے محکموں اور وزارتوں پر 5 ہزار ارب روپے سے زائدخرچ کیے،جسے کمیٹی نے آئین کے منافی قرار دیتے ہوئے ان وزارتوں کیلیے مزید فنڈز جاری نہ کرنے کی ہدایت کردی ہے۔ اجلاس میں کمیٹی نے وزیراعظم آفس کو ان وزارتوں کے خاتمے کیلیے حتمی مہلت دیتے ہوئے خبردارکیاکہ احکامات پر عمل درآمد نہ ہونے کی صورت میں وزیراعظم آفس کو نوٹس بھیجاجاسکتاہے۔ اجلاس میں آڈیٹر جنرل آف پاکستان کے دفتر نے 2011 سے 2026 تک صوبائی دائرہ اختیار میں کام کرنیوالی وفاقی وزارتوں کے اخراجات کی تفصیلات پیش کیں۔ کمیٹی کے چیئرمین سینیٹرضمیر حسین گھمرو نے کہاکہ ان وزارتوں پر 5 ہزار ارب روپے سے زائد، یعنی تقریباً 18 ارب ڈالرخرچ کیے گئے،جو اسی عرصے کے دوران عالمی مالیاتی فنڈ سے حاصل کیے گئے 15 ارب ڈالرکے قرض سے بھی زیادہ ہیں۔ اگر وفاقی حکومت آئین کی پاسداری کرتے ہوئے صوبوں کومنتقل کیے گئے شعبوں میں اخراجات نہ کرتی تو ملک کو آئی ایم ایف کے پروگراموں سے بچایاجاسکتا تھا۔ کمیٹی نے وزارت خزانہ،آڈیٹر جنرل پاکستان اور اکاؤنٹنٹ جنرل پاکستان ریونیوکو ہدایت کی کہ آئین کے تحت صوبوں کو منتقل کیے گئے شعبوں سے متعلق وفاقی وزارتوں کیلیے مزیدفنڈز جاری نہ کیے جائیں۔ آڈیٹر جنرل کے اعدادوشمارکے مطابق گزشتہ 16 برس میں وزارت موسمیاتی تبدیلی پر 48۔8 ارب ، وزارت تعلیم پر ایک ہزار 100 ارب ، وزارت صحت پر 651 ارب ، وزارت ہاؤسنگ پر 398۔4 ارب ،وزارت صنعت و پیداوار پر 313 ارب، وزارت بین الصوبائی رابطہ پر 51۔7 ارب ، وزارت انسدادمنشیات پر 35 ارب ،وزارت قومی غذائی تحفظ پر 270 ارب ، وزارت پٹرولیم پر 32 ارب ، وزارت منصوبہ بندی پر 185 ارب، وزارت ریلوے پر 687 ارب، جبکہ وزارت آبی وسائل پر 935 ارب روپے خرچ کیے گئے۔ سینیٹرگھمرو نے کہاکہ کمیٹی معاملہ اختیارات کے ناجائز استعمال کے تحت قومی احتساب بیوروکو بھیجنے سے فی الحال گریزکررہی ہے، تاہم صوبوں کو منتقل کیے گئے شعبوں کیلیے بجٹ مختص کرناقابلِ گرفت عمل ہوسکتاہے۔ انہوں نے کہاکہ بین الاقوامی معاہدوں اورذمہ داریوں کو جواز بناکر وفاقی وزارتیں برقراررکھنے کی آئین میں کوئی گنجائش نہیں،آئین کاآرٹیکل 173صوبائی حکومتوں کو بھی بین الاقوامی معاہدے کرنے کااختیار دیتاہے۔ کمیٹی اس سے قبل حکومت کووزارت صحت،تعلیم،غذائی تحفظ،آبی وسائل،موسمیاتی تبدیلی،ہاؤسنگ، ثقافت و ورثہ، ریلوے، صنعت، شماریات، پٹرولیم، بین الصوبائی رابطہ، انسدادمنشیات سمیت 17 وزارتیں ختم کرنے کیلیے دو ہفتوں کی مہلت دے چکی ہے۔

اگر آپ اس خبر کے بارے میں مزید معلومات حاصل کرنا چاہتے ہیں تو نیچے دیے گئے لنک پر کلک کریں۔

مزید تفصیل