Loading
سپریم کورٹ نے ایمان مزاری کے کیس سے متعلق سماعت کے دوران کہا ہے کہ درخواستوں کے قابل سماعت ہونے کا معاملہ ہائیکورٹ طے کرے گی۔
ایمان مزاری کیخلاف رکاؤٹیں ہٹانے کے کیس میں ٹرائل کیخلاف اپیلوں پر سماعت سپریم کورٹ میں جسٹس محمد علی مظہر کی سربراہی میں 3 رکنی بینچ نے کی، جہاں عدالت نے کیس غیر موثر قرار دیتے ہوئے نمٹا دیا۔
عدالت عظمیٰ نے فیصلے میں کہا کہ کیس اسلام آباد ہائی کورٹ میں زیر التوا ہے، سپریم کورٹ میں کیس غیر موثر ہوچکا۔ درخواستوں کے قابل سماعت ہونے کا معاملہ ہائیکورٹ طے کرے گی۔
وکیل فیصل صدیقی نے مؤقف اختیار کیا کہ انسداد دہشت گردی عدالت نے جیل میں پورا ٹرائل 22 دنوں میں مکمل کر لیا ۔
جسٹس محمد علی مظہر نے ریمارکس دیے کہ ٹرائل ہوچکا،اب کیس غیر موثر ہوچکا ہے۔
فیصل صدیقی نے کہا کہ ہمیں ہائیکورٹ میں کیس فکس کروانے کے لیے سپریم کورٹ آنا پڑتا ہے۔ چاہے پھانسی لگا دیں لیکن کیس تو سنیں۔ ہم نے ٹرائل کورٹ کے فرد جرم عائد کرنے، ٹرائل میں قانونی تقاضے پورے نہ کرنے کیخلاف ہائیکورٹ سے رجوع کیا ۔ ہائیکورٹ نے ٹرائل نہیں روکا جس کے خلاف ہم نے سپریم کورٹ سے رجوع کیا۔ سپریم کورٹ نے بھی وقت پر کیس فکس نہیں کیا۔
جسٹس محمد علی مظہر نے ریمارکس دیے کہ یہ کیس لگاؤ، یہ کیس نہ لگاؤ یہ ہمارا کام نہیں ہے۔ نہ ہم یہ کہہ سکتے ہیں یہ کیس لگا دیں۔ نہ یہ کہہ سکتے ہیں یہ کیس نہ لگائیں۔
وکیل فیصل صدیقی نے کہا کہ لوگوں کا اتنا حق تو رہنے دیں کہ ان کے کیسز کے فیصلے ہوسکیں۔
اگر آپ اس خبر کے بارے میں مزید معلومات حاصل کرنا چاہتے ہیں تو نیچے دیے گئے لنک پر کلک کریں۔
مزید تفصیل