Loading
چین کے مشہور آن لائن شاپنگ فیسٹیول ’ڈبل الیون‘ میں اس مرتبہ رعایتوں نے غیر معمولی صورت اختیار کرلی، جہاں ایک مکمل فلیٹ محض 11 یوان میں فروخت کردیا گیا۔ پاکستانی کرنسی میں اس رقم کی مالیت تقریباً 458 روپے بنتی ہے، جس نے اس آن لائن نیلامی کو خاصی توجہ کا مرکز بنا دیا۔
یہ فلیٹ چین کے صوبے ہیلونگ جیانگ کے شہر ہیگانگ میں واقع ہے۔ 68 مربع میٹر رقبے پر مشتمل اس رہائشی یونٹ میں دو بیڈ روم ہیں اور یہ ایک عمارت کی ساتویں منزل پر موجود ہے۔ اسے ڈبل الیون فیسٹیول کے موقع پر ایک آن لائن ای کامرس کمپنی کے ذریعے نیلامی کے لیے پیش کیا گیا تھا۔
نیلامی کا آغاز صرف ایک یوان سے ہوا اور بولی بڑھتے بڑھتے 11 یوان تک جا پہنچی۔ پلیٹ فارم کے ریکارڈ کے مطابق اس نیلامی میں 1667 افراد نے حصہ لیا، جبکہ بولی لگانے کا عمل 5 نومبر کو مکمل ہوا۔
کامیاب بولی دہندہ کا تعلق مشرقی چین کے ایک صوبے سے ہے، تاہم اس کی شناخت ظاہر نہیں کی گئی۔ نیلامی میں کامیابی پر حیرت کا اظہار کرتے ہوئے اس شخص نے لائیو اسٹریم کے دوران بتایا کہ اس کا ہیگانگ منتقل ہونے کا کوئی ارادہ نہیں، البتہ وہ یہ فلیٹ اپنے پاس رکھے گا تاکہ وہاں چھٹیاں گزار سکے۔
فلیٹ کی قیمت 11 یوان ہونے کے باوجود خریدار کو ملکیت اپنے نام منتقل کرانے کے لیے مزید دو ہزار یوان ادا کرنا ہوں گے۔ دوسری جانب شہر میں جائیداد کی خرید و فروخت سے متعلق ایپس کے اندازوں کے مطابق وہاں استعمال شدہ فلیٹس کی عمومی مارکیٹ قیمت تقریباً 40 ہزار یوان ہے۔
نیلامی کا انتظام کرنے والے ادارے کے ایک منیجر نے بتایا کہ یہ سودا ڈبل الیون کی تشہیری مہم کے تحت ایک آن لائن ای کامرس کمپنی کے ساتھ طے پایا تھا۔ ان کے مطابق فلیٹ کی اصل قیمت اور نیلامی میں حاصل ہونے والی رقم کے درمیان فرق متعلقہ کمپنی ادا کرے گی۔
اگر آپ اس خبر کے بارے میں مزید معلومات حاصل کرنا چاہتے ہیں تو نیچے دیے گئے لنک پر کلک کریں۔
مزید تفصیل