Loading
پاکستان میں ذیابیطس کا مرض تیزی سے سنگین صورت اختیار کرتا جا رہا ہے اور اب نوجوان بھی اس بیماری کے خطرے سے دوچار ہیں۔
ملک میں تقریباً 3 کروڑ 45 لاکھ بالغ افراد ذیابیطس میں مبتلا ہیں، جبکہ ان میں سے 93 لاکھ افراد تاحال اس مرض کی تشخیص سے محروم ہیں۔ خدشہ ظاہر کیا گیا ہے کہ اگر مؤثر اقدامات نہ کیے گئے تو 2050 تک پاکستان میں ذیابیطس کے مریضوں کی تعداد بڑھ کر 7 کروڑ 2 لاکھ تک پہنچ سکتی ہے۔
آغا خان یونیورسٹی اسپتال (اے کے یو ایچ) کے زیرِ اہتمام کراچی میں ذرائع ابلاغ کے نمائندوں کے ساتھ ایک نشست منعقد ہوئی، جس میں ماہرینِ امراضِ غدد، ماہرِ جراحیِ شریان اور ماہرِ غذائیت نے پاکستان میں ذیابیطس کے بڑھتے ہوئے رجحان، اس سے جڑے خطرات اور بروقت تشخیص کی اہمیت پر روشنی ڈالی۔
ماہرین کا کہنا تھا کہ ذیابیطس محض خون میں شکر کی مقدار بڑھنے کا نام نہیں، بلکہ طویل عرصے تک مرض قابو میں نہ رہنے سے خون کی نالیوں اور اعصاب کو نقصان پہنچ سکتا ہے۔ اس کے نتیجے میں دل، گردوں، آنکھوں اور پاؤں سمیت جسم کے مختلف اعضا متاثر ہونے کا خطرہ بڑھ جاتا ہے۔
آغا خان یونیورسٹی اسپتال کی کنسلٹنٹ اینڈوکرائنولوجسٹ ڈاکٹر اسماء احمد نے کہا کہ ذیابیطس ٹائپ ٹو اب صرف بڑی عمر کے افراد تک محدود نہیں رہی بلکہ نوجوان بھی اس سے متاثر ہو رہے ہیں۔ ان کے مطابق جن افراد کے خاندان میں ذیابیطس کی تاریخ موجود ہو، پیٹ کے گرد اضافی چربی ہو یا وہ جسمانی سرگرمیوں سے دور رہتے ہوں، انہیں خصوصی احتیاط کی ضرورت ہے۔ بظاہر صحت مند وزن رکھنے والے افراد کو بھی خود کو اس مرض سے محفوظ تصور نہیں کرنا چاہیے۔
ڈاکٹر اسماء احمد نے زور دیا کہ بیماری کی علامات ظاہر ہونے کا انتظار کیے بغیر بروقت طبی معائنہ کرانا چاہیے۔ تشخیص کے بعد ادویات کا باقاعدگی سے استعمال، طبی معائنہ اور طرزِ زندگی میں مثبت تبدیلیاں بیماری کی پیچیدگیوں سے بچاؤ کے لیے ضروری ہیں۔
انہوں نے بتایا کہ آغا خان یونیورسٹی کے پاکستان ذیابیطس سے بچاؤ کے تحقیقی منصوبے کے تحت ذیابیطس سے پہلے کی کیفیت، یعنی پری ڈائبیٹیز میں مبتلا افراد کو طرزِ زندگی میں تبدیلیوں کے حوالے سے رہنمائی فراہم کی گئی۔ اس کے نتیجے میں ایک سال کے دوران طرزِ زندگی میں تبدیلیاں اپنانے والے گروپ کے 61 فیصد افراد میں خون میں شکر کی سطح معمول پر آگئی۔
آغا خان یونیورسٹی اسپتال کے اسسٹنٹ پروفیسر اور شعبہ جراحیِ شریان کے سربراہ ڈاکٹر فرید احمد شیخ نے کہا کہ ذیابیطس خون کی روانی اور اعصابی نظام کو متاثر کرتی ہے۔ بالخصوص ٹانگوں اور پاؤں میں خون کی فراہمی اور حس کم ہونے کے باعث معمولی زخم بھی مریض کی نظر سے اوجھل رہ سکتا ہے، جو بعد میں سنگین انفیکشن یا بڑے زخم کی صورت اختیار کرسکتا ہے۔ بروقت علاج نہ ہونے پر بعض مریضوں کو ٹانگ یا پاؤں سے محرومی کا سامنا بھی کرنا پڑ سکتا ہے۔
انہوں نے ذیابیطس کے مریضوں کو مشورہ دیا کہ وہ اپنے پاؤں کا باقاعدگی سے معائنہ کریں اور کسی بھی زخم کی صورت میں فوری طبی امداد حاصل کریں۔
آغا خان یونیورسٹی اسپتال کی سینئر ماہرِ غذائیت فرح سید نے کہا کہ ذیابیطس کی تشخیص کا مطلب یہ نہیں کہ مریض اپنی پسندیدہ غذائیں مکمل طور پر ترک کردیں یا خود پر سخت غذائی پابندیاں عائد کرلیں۔ ان کے مطابق متوازن خوراک، مناسب مقدار میں کھانا، سبزیوں، دالوں اور ثابت اناج کا استعمال بڑھانا اور میٹھے مشروبات سے گریز خون میں شکر کی سطح قابو میں رکھنے میں مددگار ثابت ہوسکتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ غذائی تبدیلیاں اسی وقت زیادہ مؤثر ہوتی ہیں جب انہیں روزمرہ زندگی کا مستقل حصہ بنایا جائے۔
ماہرین نے اس بات پر زور دیا کہ ذیابیطس پر قابو پانے کے لیے صرف خون میں شکر کی نگرانی کافی نہیں، بلکہ ادویات کے باقاعدہ استعمال، غذائی رہنمائی، خون کی نالیوں اور پاؤں کے معائنے سمیت مربوط طبی نگہداشت ضروری ہے۔ ان کے مطابق مختلف شعبوں کے ماہرین پر مشتمل علاج کا نظام بیماری کی پیچیدگیاں کم کرنے اور مریضوں کے معیارِ زندگی کو بہتر بنانے میں اہم کردار ادا کرسکتا ہے۔
اگر آپ اس خبر کے بارے میں مزید معلومات حاصل کرنا چاہتے ہیں تو نیچے دیے گئے لنک پر کلک کریں۔
مزید تفصیل