Thursday, November 12, 2026
 

معاشرتی مسائل

 



حال ہی میں ہمارے ایک دوست نے ایک ویڈیو کلپ ہمیں واٹس ایپ کیا، جس میں ایک بہت ہی اہم بات کی گئی تھی اور ایک بہترین تجویز پیش کی گئی تھی۔کلپ میں مقرر کا کہنا تھا کہ آج کل مہنگائی کا دور ہے اور ہر گھر میں بے شمار مسائل ہیں۔ ایک تنخواہ میں عام آدمی کا گزارا کرنا بڑا مشکل کام ہے، لہٰذا ایسے لوگ جن کے اداروں میں پڑھے لکھے ملازمین اور عام مزدور کام کرتے ہوں، انھیں چاہیے کہ ہر سال اپنی گنجائش کے مطابق تنخواہوں میں چند ہزار روپے کا اضافہ کر دیا کریں۔ ان چند ہزار روپے کے اضافے سے ایک تو مالک کو زیادہ فرق نہیں پڑے گا، لیکن ان کے ہاں کام کرنے والے عام لوگوں کو بہت اچھا ریلیف ملے گا۔ ان کا کہنا تھا کہ عمومی لحاظ سے اپنے ملازمین کی تنخواہوں میں چند ہزار روپے کے اضافے سے مالک کو چند لاکھ روپے کا فرق پڑے گا، جو ان کے لیے بہت معمولی ہوگا، جب کہ ایک عام آدمی کی اس سے بہت سی گھریلو ضروریات پوری ہو جائیں گی۔ ان کا کہنا تھا کہ میں یہ بات صرف اس لیے کر رہا ہوں کہ جو لوگ ایسا کر سکتے ہیں، وہ ضرور کریں، کیونکہ آپ جب کسی بندے کی ضرورت اپنی حیثیت کے مطابق پوری کریں گے تو اللہ تعالیٰ اپنی شان کے مطابق آپ کی ضرورت پوری کرے گا۔  یہ کلپ غالباً کسی مذبہی پروگرام کا ایک حصہ تھا، لیکن اس میں دیا گیا پیغام بہت اہم اور وقت کی ضرورت کے مطابق تھا، کیونکہ آج کل ہم سب جانتے ہیں کہ مہنگائی کے سبب ایک عام آدمی کا ماہانہ راشن بھی مشکل سے پورا ہوتا ہے ۔اب مہنگائی اتنی زیادہ ہو گئی ہے کہ پچاس ساٹھ ہزار روپے ماہانہ کمانے والے فرد بھی اپنے گھر کے اخراجات پورے نہیں کر سکتا۔ کمانے والا اکیلا ہو اور کھانے والے پانچ چھ افراد ہوں تو ایسے میں کم آمدنی والے شخص کے لیے بہت سے مسائل پیدا ہو جاتے ہیں۔ اگر ایک عام آدمی کا ماہانہ بجٹ بنایا جائے تو بنیادی ضروریات کم از کم ایک سے ڈیڑھ لاکھ روپے میں پوری ہوتی ہیں۔ایک ایسا شخص جو دیہاڑی دار ہے روزانہ 15سے 2000ہزار روپے کماتا ہے ‘چھوٹے سے گھر کا کرایہ بھی دس سے پندرہ ہزار روپے ادا کرتا ہے ‘اس کے علاوہ بجلی گیس اور پانی کے بل اس کی آمدن کا بڑا حصہ کھا جاتے ہیں۔ ایک تو گیس گھروں میں آتی نہیں ایسے میں شہری ایل پی جی گیس استعمال کرنے پر مجبور ہو چکے ہیں جو اس وقت اتنی مہنگی ہو چکی ہے کہ عام آدمی کا بجٹ اس سے شدید متاثر ہوا ہے۔ گرمیوں میں تو بجلی کا بل ویسے ہی زیادہ آتا ہے ۔ بچوں کے تعلیمی اخراجات گھر کے کچن کے اخراجات اگر تمام ضروریات کا ماہانہ بجٹ بنایا جائے تو پچاس ساٹھ ہزار روپے کمانے والا زکوٰۃ کا مستحق معلوم ہوتا ہے۔معاشرے میں جائزہ لیا جائے تو کروڑوں سفید پوش لوگ زکوٰۃ کے مستحق ٹھہرتے ہیں لیکن وہ اپنی سفید پوشی کا بھرم رکھے ہوئے ہیں۔اور اگر بیماری وغیرہ جیسی صورتِ حال پیدا ہو جائے تو پھر معاملات مزید خراب ہو جاتے ہیں۔ اسپیشلسٹ ڈاکٹروں کی فیسیں تو عام آدمی کی پہنچ ہی سے باہر ہیں ۔عام ڈاکٹر کی فیس بھی مسلسل بڑھتی چلی جا رہی ہے ۔یہی وجہ ہے کہ غریب آدمی بیماری کی صورت کو ڈاکٹر کے پاس جانے کے بجائے میڈیکل اسٹور پر چلا جاتا ہے اور اپنی بیماری کی صورت حال بتا کر سستی دوائی حاصل کرنے کی کوشش کرتا ہے۔ لنگر خانوں اور درباروں پر لگے رش ہی بتا دیتے ہیں کہ عوام غربت اور بھوک کس قدر بڑھتی چلی جا رہی ہے۔ ہر سال غریب اور مفلس لوگوں کی تعداد میں اضافہ ہوتا چلا جا رہا ہے۔ مہنگائی کے باعث نچلا متوسط طبقہ بھی غربت کی لکیر کے پاس پہنچ چکا ہے۔بات یہ ہے کہ مہنگائی تو پہلے بھی تھی، لیکن اس وقت تنخواہوں کے مقابلے میں مہنگائی بہت تیزی سے بڑھ رہی ہے۔ اب اس صورتِ حال سے نمٹنے کے لیے دو ہی راستے نظر آتے ہیں۔ ایک تو یہ کہ غریب آدمی اپنی چادر دیکھ کر پاؤں پھیلائے اور دوسرا یہ کہ ایسے افراد جو کاروبار کرتے ہیں، وہ اپنے ملازمین کی مالی مشکلات کو مدنظر رکھتے ہوئے جس قدر ممکن ہو سکے، ان کی تنخواہوں میں ضرور اضافہ کردیا کریں۔ خاص طور پر ان کے بچوں کے تعلیمی اخراجات اور بیماریوں پر اٹھنے والے اخراجات کو مدنظر رکھیں اور اس ضمن میں جب بھی مناسب سمجھیں، حسب توفیق ان کی مدد کریں۔ ماحولیاتی مسائل کے باعث اس وقت صورتِ حال کچھ ایسی ہے کہ ہر گھر میں کوئی نہ کوئی فرد بیمار نظر آتا ہے۔ اسی طرح اگر گھر میں بزرگ موجود ہیں تو تقریباً ہر دوسرے بزرگ کو روزانہ کی بنیاد پر اپنی عمر کے تقاضوں کے مطابق مختلف بیماریوں کی ادویات استعمال کرنا پڑتی ہیں، جن پر آنے والا خرچ بھی ایک بڑا مسئلہ ہے۔ یوں دیکھا جائے تو ہر گھر میں صحت کے حوالے سے ہر ماہ خاصے اخراجات ہوتے ہیں۔  نیکی کی یہ باتیں وقت کی ضرورت ہیں، لیکن ان باتوں کو لوگوں تک پہنچانے کی اشد ضرورت ہے۔ اب سوال یہ پیدا ہوتا ہے کہ اس کا ذریعہ کیا ہو؟ ویسے تو میڈیا ہی سب سے بہتر ذریعہ ہوتا ہے، لیکن مساجد سے یہ پیغام زیادہ موثر انداز میں پہنچایا جا سکتا ہے، کیونکہ نمازِ جمعہ میں لوگوں کی بڑی تعداد شریک ہوتی ہے، جن میں وہ لوگ بھی ہوتے ہیں جو پانچ وقت نماز نہیں پڑھتے، مگر نمازِ جمعہ کے لیے اہتمام کے ساتھ مسجد میں آتے ہیں۔ چنانچہ مساجد کے پیش امام جمعہ کے خطبے میں جو موضوعات عوام تک پہنچاتے ہیں، اگر ان میں اس قسم کے موضوعات بھی شامل کر لیے جائیں تو اس سے معاشرے میں ایک اچھی تبدیلی آ سکتی ہے۔  ہم دیکھتے ہیں کہ ہمارے معاشرے میں خودکشی کے واقعات بھی بڑھ رہے ہیں اور آئے دن کوئی نہ کوئی مایوس کن خبر میڈیا پر نظر آتی ہے۔ چنانچہ راقم کی تجویز ہے کہ مساجد کے جمعہ کے خطبوں میں اس قسم کے موضوعات کو بھی لازمی طور پر شامل کیا جائے۔ اس ضمن میں مختلف اسلامی تنظیمیں اپنی مساجد میں ان موضوعات کا خصوصی اہتمام کر سکتی ہیں۔  اس وقت ہمارا معاشرہ ایک نئے دوراہے پر کھڑا ہے، جہاں بھوک اور حالات سے تنگ آ کر لوگ خودکشی بھی کر رہے ہیں اور آپس میں صلہ رحمی بھی ترک کر رہے ہیں۔ حد تو یہ ہے کہ شادی ہوتے ہی اختلافات اس قدر شدید ہو جاتے ہیں کہ طلاق اور خلع تک نوبت پہنچ جاتی ہے۔ یہی وجہ ہے کہ صرف کراچی شہر ہی نہیں، پورے پاکستان میں طلاق اور خلع لینے کی شرح میں بے پناہ اضافہ ہو رہا ہے۔ شادی بیاہ کے معاملات میں بھی ہم نے مصنوعی مسائل کھڑے کر رکھے ہیں۔ رسموں پر بلاوجہ خرچہ کیا جاتا ہے، حالانکہ ہمیں شادیاں اسلامی تعلیمات کے مطابق سادگی سے اور فالتو اخراجات کے بغیر کرنی چاہئیں۔ آج بھی اچھے مذہبی گھرانے سادگی کے ساتھ بغیر جہیز کے اپنے بیٹوں کی شادیاں کر رہے ہیں، لیکن عمومی طور پر دیکھا جائے تو جہیز کے لیے کوئی حد ہی نظر نہیں آتی اور بیٹی والوں کے لیے جہیز کا سامان جمع کرنا ایک بڑا چیلنج بن چکا ہے۔ سوال یہ ہے کہ ایک ایسے وقت میں، جب مہنگائی کے باعث ماہانہ اخراجات ہی پورے کرنا ایک مسئلہ بن چکا ہو، وہاں جہیز کے لیے رقم کہاں سے آئے گی؟ اور پھر جہیز بھی ایسا کہ جس میں سوئی سے لے کر ایئر کنڈیشنر جیسی اشیا تک شامل ہوں۔ بات صرف یہیں ختم نہیں ہوتی، بلکہ بارات اور ولیمے پر بھی خوب پیسہ لٹایا جاتا ہے اور شادی اتنے دھوم دھام سے کی جاتی ہے کہ جس کے پاس پیسے نہ ہوں، وہ احساسِ کمتری کا شکار ہو جائے یا پھر ادھار لے کر خود بھی ایسی ہی شادی کا اہتمام کرے۔ نتیجتاً اب ہمارے ہاں بہت سے ایسے مرد اور خواتین کنوارے بیٹھے ہیں جن کے پاس شادی کے مواقعے تو موجود ہیں، لیکن شادی کے اخراجات برداشت کرنے کے لیے مطلوبہ بینک بیلنس نہیں ہے۔ اس جانب بھی توجہ دینے کی ضرورت ہے۔یہ وہ موضوعات ہیں جن پر ہماری مساجد کے جمعہ کے خطبوں میں کچھ نہ کچھ بات ضرور ہونی چاہیے، تاکہ ہمارے معاشرے میں بڑھتی ہوئی منفی سوچ کا کچھ تدارک ہو سکے اور لوگ اچھی سوچ اپنائیں، اپنے مسائل کو سمجھیں، ان کے حل تلاش کریں اور ایک دوسرے کے کام آئیں، نہ کہ ایک دوسرے کو نیچا دکھانے یا ایک دوسرے سے آگے بڑھنے کی دوڑ میں لگے رہیں۔اگر ہمارے معاشرے میں موجود صاحب حیثیت اور معروف لوگ آگے بڑھ کر مذکورہ بالا مسائل کے حل میں اپنا کردار ادا کریں تو اس کا معاشرے پر بہت مثبت اثر پڑے گا اور لوگ ان کے اچھے طریقوں کو فخر سے اپنائیں گے۔ آئیے، سوچیں اور تھوڑا غور کریں۔

اگر آپ اس خبر کے بارے میں مزید معلومات حاصل کرنا چاہتے ہیں تو نیچے دیے گئے لنک پر کلک کریں۔

مزید تفصیل