Friday, November 13, 2026
 

بی ٹی ایس گلوکار جیمین بن کر برازیل کی 68 سالہ خاتون سے محبت کے نام پر دھوکا

 



برازیل کے شہر ساؤ پالو میں 68 سالہ ریٹائرڈ خاتون آن لائن محبت کے نام پر دھوکا دہی کا شکار ہوگئیں۔ ایک جعل ساز نے خود کو جنوبی کوریا کے مشہور میوزک بینڈ بی ٹی ایس کے گلوکار جیمین ظاہر کرکے خاتون سے تقریباً 3 لاکھ برازیلی ریئل، یعنی 52 ہزار سے 56 ہزار امریکی ڈالر کے برابر رقم ہتھیا لی۔ یہ واقعہ سب سے پہلے ریسیف کے روزنامے ’دیاریو دے پرنامبوکو‘ نے رپورٹ کیا، جسے نومبر کے آغاز میں نیوز ویب سائٹ ’امی رانتے‘ نے بھی شائع کیا۔ پولیس ریکارڈز کے حوالے سے بتایا گیا ہے کہ خاتون تقریباً چار ماہ تک آن لائن اس شخص سے رابطے میں رہیں۔ اس دوران جعل ساز نے محبت بھرے پیغامات بھیجے اور ان کے درمیان قریبی تعلق کا تاثر پیدا کیا۔ بعد ازاں اس شخص نے خاتون کو مہنگے تحائف بھیجنے کا وعدہ کیا، لیکن کچھ عرصے بعد دعویٰ کیا کہ یہ تحائف برازیل کے کسٹمز حکام کے پاس روک لیے گئے ہیں اور انہیں حاصل کرنے کے لیے کسٹم ڈیوٹی ادا کرنا ضروری ہے۔ خاتون نے اس مطالبے پر کئی مرتبہ رقم ادا کی، حتیٰ کہ ادائیگیوں کے لیے بینک سے قرض بھی لیا۔ جب انہیں حقیقت کا علم ہوا تو انہوں نے جعل ساز کا اکاؤنٹ بلاک کردیا اور پولیس کو اطلاع دی۔ ساؤ پالو کی سول پولیس اس معاملے کی تحقیقات کررہی ہے تاکہ دھوکا دہی میں ملوث نیٹ ورک کا سراغ لگا کر اسے ختم کیا جاسکے۔ اب تک شائع ہونے والی رپورٹس میں متاثرہ خاتون کا نام، جعل ساز کے زیرِ استعمال سوشل میڈیا پلیٹ فارم یا ان تحائف کی تفصیلات سامنے نہیں آئی ہیں جن کا وعدہ کیا گیا تھا۔ یہ بھی کوئی اشارہ نہیں ملا کہ بی ٹی ایس کے اصل گلوکار جیمین یا ان کی ایجنسی کا اس اکاؤنٹ سے کوئی تعلق تھا۔ برازیل میں کے پاپ مداح بھی جعل سازوں کا نشانہ یہ واقعہ برازیل میں مشہور شخصیات کی جعلی شناخت کے ذریعے ہونے والی آن لائن دھوکا دہی کے بڑھتے ہوئے رجحان کی ایک مثال ہے۔ ملک میں کے پاپ موسیقی کے مداحوں کی بڑی تعداد موجود ہے اور رپورٹس کے مطابق جعل ساز اسی دلچسپی کو استعمال کرکے مداحوں کو نشانہ بناتے ہیں۔ فروری 2026 میں جنوبی کوریا اور برازیل کی پولیس نے پہلی مرتبہ باضابطہ تعاون کا ایک فریم ورک طے کیا تھا۔ ’دی کوریا ہیرالڈ‘ کے مطابق برازیلی حکام نے اس سے قبل جعلی کوریائی سفری پیکیجز، نقلی کے پاپ مصنوعات اور آن لائن محبت کے نام پر دھوکا دہی کے متعدد معاملات کی نشاندہی کی تھی۔ برازیل میں مشہور شخصیات کی جعلی شناخت کا استعمال صرف کے پاپ فنکاروں تک محدود نہیں۔ اس سے قبل ایک خاتون کو کوریائی اداکار پارک بو گم کے نام سے رابطہ کرنے والے جعل ساز نے نشانہ بنایا تھا، جبکہ برازیلیا کے قریب 69 سالہ خاتون سے ایلون مسک بن کر رابطہ کرنے والے شخص نے بھی رقم ہتھیائی تھی۔ یہ معاملہ ایسے وقت سامنے آیا ہے جب بی ٹی ایس نے 28، 30 اور 31 اکتوبر کو ساؤ پالو میں تین کنسرٹس کیے تھے۔ تاہم رپورٹس میں یہ واضح نہیں کیا گیا کہ جعل سازی کا سلسلہ بینڈ کے دورے سے پہلے شروع ہوا یا بعد میں۔

اگر آپ اس خبر کے بارے میں مزید معلومات حاصل کرنا چاہتے ہیں تو نیچے دیے گئے لنک پر کلک کریں۔

مزید تفصیل