Friday, November 13, 2026
 

بجلی کے فی یونٹ 5 روپے سیلز ٹیکس کا اطلاق مزید 8 اداروں تک بڑھا دیا گیا

 



فیڈرل بورڈ آف ریونیو (ایف بی آر) نیاسٹیل اور آئرن مینوفیکچررز کے لیے بجلی کے فی یونٹ 5 روپے سیلز ٹیکس کا اطلاق مزید 8 اداروں تک بڑھا دیا ہے. اس حوالے سے آئرن اور اسٹیل مصنوعات تیار کرنے والے اداروں، بشمول میلٹرز، ری رولرز اور کمپوزٹ یونٹس کے زیر استعمال بجلی پر فی یونٹ 5 روپے سیلز ٹیکس کے اطلاق سے متعلق جنرل آرڈر میں مزید ترمیم کرتے ہوئے 8 نئے اداروں کو فہرست میں شامل کرلیا ہے. ایف بی آر کی جانب سے 12 نومبر 2026 کو جاری کردہ سیلز ٹیکس جنرل آرڈر نمبر 34 کے تحت ترمیم شدہ فہرست میں المویز انڈسٹریز لمیٹڈ، حجویری اسٹیل انڈسٹریز پرائیویٹ لمیٹڈ، شیخو شوگر ملز لمیٹڈ، نعمان اسٹیل، کیپیٹل اسلام آباد سپریم انڈسٹری، ٹی ایس آر اسٹیل پرائیویٹ لمیٹڈ، گل شہزادہ اسٹیل مل اور حسنین اینڈ کمپنی شامل ہیں۔ ایف بی آر کے مطابق ان اداروں کی اہلیت کا تعین ایس آر او 1245(1)/2026 میں مقرر کردہ معیار کے تحت اسٹیل مصنوعات کی تیاری کے لیے اسکریپ اور بجلی کے یونٹس کی کھپت، نیز مخصوص ای آئی ایس کوڈز کے تحت اسکریپ کی درآمد کی بنیاد پر کیا گیا ہے۔ حکم نامے کے مطابق ان ٹیکس دہندگان کی فہرست میں بورڈ یا متعلقہ کمشنر ان لینڈ ریونیو کی سفارشات پر وقتاً فوقتاً ردوبدل کیا جاسکتا ہے جبکہ ایف بی آر اور متعلقہ فیلڈ فارمیشنز مقررہ معیار کے مطابق کسی بھی رجسٹرڈ مینوفیکچرر کی اہلیت کا آزادانہ جائزہ لے کر اسے فہرست میں شامل یا خارج کرسکتی ہیں۔ کسی بھی قسم کی مشکلات کی صورت میں متعلقہ کمشنر ان لینڈ ریونیو سے رجوع کیا جاسکے گا۔ ایف بی آر نے واضح کیا ہے کہ اس جنرل آرڈر کا اطلاق مذکورہ تمام اداروں کے بجلی کے کنکشنز پر فوری طور پر ہوگا۔

اگر آپ اس خبر کے بارے میں مزید معلومات حاصل کرنا چاہتے ہیں تو نیچے دیے گئے لنک پر کلک کریں۔

مزید تفصیل