Saturday, November 14, 2026
 

کراچی: مختلف علاقوں میں مبینہ پولیس مقابلے،  تین زخمیوں سمیت پانچ ملزمان گرفتار

 



کراچی کے مختلف علاقوں میں پولیس اور اسٹریٹ کرمنلز کے درمیان فائرنگ کے تبادلے میں تین زخمیوں سمیت پانچ ملزمان گرفتار کرلیے گئے، مبینہ مقابلوں کے دوران ملزمان کے قبضے سے اسلحہ، موبائل فونز، نقدی برآمد ہوئی۔ تفصیلات کے مطابق نیو کراچی انڈسٹریل ایریا کے علاقے سیکٹر 5-G میں عباسی گراؤنڈ کے قریب پولیس نے مشتبہ موٹر سائیکل سواروں کو رکنے کا اشارہ کیا تو ملزمان نے فائرنگ کردی۔ پولیس کی جوابی فائرنگ سے ساجد ولد عاشق علی نامی ملزم زخمی حالت میں گرفتار کرلیا گیا جبکہ اس کا ساتھی فرار ہونے میں کامیاب ہوگیا۔ پولیس نے زخمی ملزم کے قبضے سے 30 بور پستول، نقدی اور موٹر سائیکل برآمد کرکے اسے اسپتال منتقل کردیا۔ ادھر  پیرآباد تھانے کی حدود میانوالی کالونی میں پولیس اور شاہین فورس کا مسلح ملزمان سے  مبینہ مقابلہ ہوا، جہاں فائرنگ کے تبادلے میں تاج ولی ولد بام خان زخمی حالت میں گرفتار جبکہ اس کا ساتھی فرار ہوگیا۔ ایس ایس پی ویسٹ طارق الٰہی مستوئی کے مطابق گرفتار ملزم کے قبضے سے غیر قانونی اسلحہ، ایمونیشن، چلیدہ خول، موبائل فون اور نقدی برآمد ہوئی جبکہ ملزمان کے زیر استعمال موٹر سائیکل بھی تحویل میں لے لی گئی۔ ابراہیم حیدری کے علاقے چائنا کٹ مل ایریا کے قریب  مبینہ پولیس مقابلے میں یاسین ولد نور افضل نامی 28 سالہ ملزم زخمی حالت میں گرفتار کرلیا گیا جسے ایدھی ایمبولینس کے ذریعے جناح اسپتال منتقل کیا گیا۔ دوسری جانب تیموریہ پولیس اور مسلح ملزمان کے درمیان فائرنگ کے تبادلے کے بعد دو ملزمان سیف اللہ ولد عبدالرحمن اور عمر محمد ولد زر محمد خان کو گرفتار کرلیا گیا۔ ایس ایس پی ڈسٹرکٹ سینٹرل ڈاکٹر محمد عمران خان کے ترجمان کے مطابق گرفتار ملزمان کے قبضے سے دو پستول، دو موبائل فونز اور ایک موٹر سائیکل برآمد ہوئی ہے۔ پولیس نے تمام گرفتار ملزمان کا سابقہ کریمنل ریکارڈ چیک کرنے کے ساتھ مزید قانونی کارروائی شروع کردی ہے۔

اگر آپ اس خبر کے بارے میں مزید معلومات حاصل کرنا چاہتے ہیں تو نیچے دیے گئے لنک پر کلک کریں۔

مزید تفصیل